کراچی میں فائیو اسٹار ہوٹل کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق

  • جمعہ 27 / مئ / 2022

کراچی میں ایک نجی فائیو اسٹار ہوٹل پرل کانٹیننٹل کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ہوٹل کی انتظامیہ کی جانب سے واقعے پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا جبکہ پولیس نے کہا کہ گرنے والی چھت ہوٹل کے گراؤنڈ فلور پر لابی کی فالس سیلنگ تھی جس کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی گئی تھی۔ یہ فالس سیلنگ ہوٹل کے اندرونی حصے میں تھی جو آرائش کے مقصد سے بنائی جاتی ہے۔ بظاہر یہ لگتا ہے کہ کافی وقت سے چھت کی دیکھ بھال نہیں کی گئی تھی۔ تحقیقات کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے مگر ایسا لگتا ہے کہ ہوا کے تیز دباؤ یا کسی قسم کی لیکیج کی وجہ سے چھت گری۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتا نہیں چل سکا۔ تاہم یہ واقعہ جان لیوا ثابت ہوا کیونکہ چھت کنکریٹ کے مواد سے بنی تھی جس میں ایک شخص کی جان چلی گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ہوٹل کی چھت رات 11 بجے کے کچھ ہی دیر بعد گری تھی جس سے وہاں موجود لوگوں میں افراتفری مچ گئی۔

سوشل میڈیا پر جاری کی گئی فوٹیج اور تصاویر میں ہوٹل کی پوری لابی کو ملبے سے اٹا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعے کے فوری بعد ہوٹل انتظامیہ نے ہوٹل کے تمام داخلی راستوں کی فی الفور بند کرکے وہاں آنے والے افراد کو دو خارجی راستوں سے باہر نکالا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں حکومت اور فلاحی اداروں کی کئی ایمبولینس اور دو آگ بجھانے والی گاڑیاں ہوٹل کے باہر ڈاکٹر ضیا الدین احمد اور کلب روڈ کے مرکزی چوراہے پر پہنچ گئیں۔

پاکستان رینجرز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان رینجرز کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور دیگر ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں کی۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریسکیو سروسز نے جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔