وزیر اعظم نے28 ارب کے ریلیف پیکیج کا اعلان کردیا

  • جمعہ 27 / مئ / 2022

وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے 28ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام کو فوری طور پردو ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔ یہ ریلیف اس کے علاوہ ہے جو پہلے ہی ان خاندانوں کو مل رہا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کا 10کلو کا تھیلا 400 روپے کا بیچنے کا حکم بھی دیا ہے۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنا کسی کڑے امتحان سے کم نہیں تھا۔ اتحادی جماعتوں کی حمایت باعث تقویت ہے۔ عوام کے مطالبہ پر کرپٹ حکومت سے جان چھڑانے کے لئے یہ اقدام کیا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جس ذمہ داری کے لیے مجھے منتخب کیا گیا، وہ میرے لیے اعزاز ہے۔ وزیراعظم کا منصب سنھالنا کسی کڑے امتحان سے کم نہیں ہے، میں اپنے قائد نوازشریف اور جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اعتماد کیا۔ ہم نے حکومت سبنھالی تو ہر شعبہ تباہی کی داستان سنا رہا تھا۔ ایسی تباہی میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی جو چار سال میں ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے پاکستان کو بچانے کا چیلنج قبول کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو بہتری کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے انتھک محنت درکار ہوگی۔ پچھلی حکومت میں سفارتی خط کی نام نہاد سازش گھڑی گئی، ایک شخص مسلسل جھوٹ بول رہا ہے۔ اپنے مذموم مقاصد کے لیے سازش کی کہانی گھڑی گئی۔ امریکا میں ہمارے سفیر نے بھی سازش کی کہانی کو یکسر مسترد کردیا، قومی سلامتی کمیٹی نے بھی دو مرتبہ سازش کی کہانی کو مسترد کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آئین کے مطابق چلے گا کسی ایک کی ضد سے نہیں۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ آپ نے کیا ہم نے نہیں کیا۔ عوام کو مہنگائی کی چکی میں آپ نے پیسا ہم نے نہیں۔ ملک کو تاریخ کے بدترین قرض کے نیچے دفن کردیا۔ سب سے زیادہ کرپشن آپ کے دور میں ہوئی، ملک میں لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے آپ کے دور میں لوٹے۔

شہباز شریف نے کہا ہم مشکل فیصلہ کرنے کو تیار ہیں۔ ہم نے دل پر پتھر رکھ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ دنیا میں پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، سابق حکومت نے اپنے سیاسی فائدے کے لیے سبسڈی کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان اور عوام کو معاشی بحران میں سابق حکومت نے پھنسایا۔ خارجہ محاذ پر بھی مشکلات بڑھائی گئی۔، دوست ممالک کو ناراض کردیا۔ اب ہم نے دو طرفہ تعلقات کی بحالی کا آغاز کردیا ہے۔