سکھر میں غیرت کے نام پر 10 گھر نذرِ آتش، بچی زندہ جل گئی

  • سوموار 30 / مئ / 2022

چوہان برادری سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور اس کی بہن کے مبینہ اغوا پر مشتعل مسلح افراد کے ایک گروہ نے روہڑی کے قریب شام کالڈی گاؤں میں کم از کم 10 گھروں پر حملہ کرکے انہیں نذر آتش کردیا۔

 آگ کے شعلوں میں پھنسی 4 سالہ بچی اس واقعے میں دم توڑ گئی۔ مقامی نامہ نگاروں کے مطابق خاتون پنہور برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے ساتھ اپنی مرضی سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ خاتون اپنی بہن کے ساتھ گھر سے نکلی تو متاثرہ خاندان نے برادری کے بزرگوں سے شکایت کی اور دعویٰ کیا کہ دونوں بہنوں کو پنہور کے کچھ افراد نے اغوا کیا ہے۔

اس واقعے پر مشتعل افراد کے ایک گروپ نے پنہور برادری کے گھروں پر حملہ کیا اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی جبکہ 10 سے زائد گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ پنہور برادری کے ارکان نے الزام لگایا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق چوہان برادری سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے پنہور برادری کے محلے میں لوگوں کو ہراساں کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور بہت سے گھروں میں توڑ پھوڑ اور آگ لگا دی۔ پولیس گاؤں میں پہنچی لیکن پتا چلا کہ حملہ آور پہلے ہی علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔

اس دوران جلے ہوئے گھر سے 4 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی اور شام تک اس کا نام معلوم نہیں ہو سکا۔