بلیغ الرحمٰن پنجاب کے نئے گورنر مقرر ہوگئے

  • سوموار 30 / مئ / 2022

صدر مملکت عارف علوی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد بلیغ الرحمٰن کو پنجاب کا نیا گورنر مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

صدر کے دفتر کے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 101 (1) کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف کے مشورے پر تقرر کی منظوری دی۔ خیال رہے کہ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق پنجاب کی سیاست خاصی گرما گرمی کا شکار رہی ہے۔

3 اپریل کو سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی بازگشت کے بعد چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، ان کی جگہ عمر سرفراز چیمہ کو صوبے کے گورنر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

بعد ازاں 9 مئی کو وفاقی حکومت نے رات گئے اس وقت کے گورنر عمر سرفراز چیمہ کو وزیراعظم کے مشورے پر عہدے سے برطرف کردیا تھا۔ اسی روز صدر نے گورنر کو پنجاب کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق تجویز مسترد کردی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کی سمری 16 اپریل کو صدر عارف علوی کو ارسال کی تھی۔

پی ٹی آئی کا ماننا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 48 (2) کے ساتھ پڑھے گئے آرٹیکل 101 (3) کے لحاظ سے واضح ہے کہ ’صدر کسی بھی معاملے میں اپنی صوابدید پر کام کرے گا، آئین نے اسے ایسا کرنے کا اختیار دیا ہے‘۔ تاہم اب صدر نے وزیر اعظم کے مشورہ پر عمل کا فیصلہ کیا ہے۔