چیک ریپبلک کے دارالحکومت پراگ میں اردو کی ادبی بیٹھک

  • منگل 31 / مئ / 2022

25 مئی 2022 کو چیک ریپبلک کے شہر پراگ میں۔ ادبی بیٹھک پراگ کی جانب سے ایک ادبی شام منعقد ہوئی۔ اس شام کا اہتمام شام شعر و ادب تنظیم کے تحت ہؤا تھا۔ اس کا اہتمام بھی اس تنظیم کے روح رواں کے روح رواں زاہد راجا صاحب کے دولت خانے پر ہؤا۔ 

تقریب کی صدارت چیک رپبلک میں تعینات سفیر پاکستان عزت مآب خالد جمالی نے کی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے برلن، جرمنی سے تشریف لانے والے افسانہ نگار سرور غزالی تھے۔ تقریب میں شاعر آصف اقبال، پشتو زبان کے ’ مشال ریڈیو‘ (جو ریڈیو فری یورپ کا حصہ ہے) کے نمائندے عبدالحئی کاکڑ ، علی حسن، خالد صدیقی، نعمان احمد اور ناصر الدین نے شرکت کی۔

تقریب کے آغاز زاہد صاحب کے صاحبزادے کی  تلاوت قرآن مجید سے ہؤا۔ اس کے بعد مہمانوں کے تعارف سے شعری نشست کا آغاز ہوا۔ آصف اقبال نے اپنی دو غزلیں سنائیں۔ ان کے اشعار کو خوب داد ملی۔ عبدالحئی کاکڑ نے نہایت فکر انگیز نظمیں پیش کیں جو جدید فکر وفن کا اعلی نمونہ تھیں۔ نعمان احمد نے ایک فرانسیسی شاعر کے کلام کا اردو ترجمہ پیش کرکے داد وصول کی۔

سب سے آخر میں برلن سے تشریف لائے شاعر و افسانہ نگار،  برلن کی ہمبولڈ یونیورسٹی میں اردو کے استاد سرور غزالی نے اپنی نظمیں، نثر پارے اور ایک افسانچہ پیش کیا۔ اس موقع پر میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سرور غزالی نے ادبی بیٹھک کے ارکان کو برلن آنے کی دعوت دی اور اپنی تنظیم بزم ادب کے ساتھ مل کر پراگ شہر میں کافکا پر اردو میں ایک سالانہ کانفرنس کے انعقاد کی تجویز بھی پیش کی۔

صدر مجلس ب خالد جمالی سفیر پاکستان  نے اپنے صدارتی خطبے میں تمام شرکا کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اور سرور غزالی کی کانفرنس کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے، اس سلسلہ میں سفارت خانہ پاکستان کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

میزبان زاہد صاحب نے مہمانوں کو پرتکلف عشائیہ کی دعوت دی۔ مہمانوں نے لذیذ کھانوں سے سیر ہوکر لطف اٹھا اور یوں اس خوبصورت محفل کا اختتام ہوا۔

رپورٹ: آصف اقبال