امریکہ ہوکرین کو جدید راکٹ سسٹم فراہم کرے گا: جوبائیڈن

  • بدھ 01 / جون / 2022

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ یوکرین کو مزید جدید راکٹ سسٹم اور جنگی سازوسامان فراہم کرے گا۔

منگل کی شام  نیو یارک ٹائمز میں آن لائن شائع ہونے والے مضمون میں انہوں نے بتایا کہ امریکہ یوکرین کو ایسا نظام فراہم کرے گا جو اسے  ملک کے اندر میدان جنگ میں اہم اہداف کو زیادہ درست طریقے سے نشانہ بنانے میں مدد دے سکے۔

صدر بائیؑڈن کا یہ بیان ایک دن پہلے دیے گئے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے کہ وہ یوکرین کی جانب سے ایسے جدید میزائل سسٹم کی درخواست کو مسترد کر رہے ہیں جس کو استعمال کرتے ہوئے وہ ممکنہ طور پر روس کے اندر تک حملہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے۔

امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئراہلکار نے نامہ نگاروں کو بتایا ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم کو یوکرین اپنی سرزمین پر روسی پیش قدمی کو پسپا کرنے کے لیے استعمال کرے گا لیکن روسی علاقے میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کرسکے گا۔

دوسری طرف جرمنی کے چانسلر اولاف شولز نے کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرین کو درمیانے فاصلے تک زمین سے فضا تک مار کرنے والا نظام فراہم کرے گا۔  

خبر رساں ادارے رائترز کے مطابق شولز کی طرف سے یہ اعلان کیف کے ساتھ ساتھ جرمن اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ملک کو بھاری ہتھیاروں کی فراہمی کو تیز کرنے کی درخواستوں کے بعد کیا گیا ہے۔