حد سے تجاوز نہ کریں: وزیر اعظم کا عمران خان کو انتباہ
وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ حد سے تجاوز نہ کریں اور پاکستان کی سالمیت کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیان نہ دیں۔
ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی تقسیم اور فوج کی تباہی کی بات کرنے والا شخص کسی عوامی عہدے کا اہل نہیں ہوسکتا۔ وزیر اعظم کی یہ ٹوئٹر پوسٹ نجی چینل ’بول نیوز‘ پر عمران خان کے انٹرویو کے بعد سامنے آئی ہے۔
اس انٹرویو میں سابق وزیر اعظم نے اسٹیبلشمنٹ پر زور دیا تھا کہ وہ صحیح فیصلے کریں اور کہا تھا کہ اگر پاکستان نے جوہری صلاحیت کھو دی تو ملک 3 ٹکڑے ہو جائے گا۔ گزشتہ شب نشر ہونے والے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال ملک کے ساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ کے لیے بھی مسئلہ ہے، اگر اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہیں کیے تو میں لکھ کر دیتا ہوں کہ یہ بھی تباہ ہوں گے اور فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی۔
انٹرویو نشر ہونے کے چند گھنٹے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی ایسے وقت میں ملک کے خلاف دھمکیاں دے رہا ہے جب میں ترکی میں معاہدوں پر دستخط کر رہا ہوں۔ اگر کسی بھی ثبوت کی ضرورت تھی کہ عمران نیازی عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں تو ان کا تازہ ترین انٹرویو اس کے لیے کافی ہے۔
انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو متنبہ کیا کہ ’اپنی سیاست کریں لیکن حد سے تجاوز نہ کریں اور نہ ہی اور پاکستان کی تقسیم کی بات کرنے کی ہمت کریں‘۔
مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ایک علیحدہ بیان میں وزیر اعظم کی جانب سے کہا گیا کہ عمران کے ریمارکس اس بات کا ثبوت ہیں کہ پی ٹی آئی کے سربراہ سیاست نہیں، سازش میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی مایوسی اور بیمار ذہنیت کی وجہ سے افراتفری پھیلا رہے ہیں اور ان کا بیان پاکستان کے دشمنوں سے ملتا جلتا ہے۔ یہ محض بیان نہیں بلکہ ملک میں انتشار اور تقسیم کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کھونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ پاکستان، اس کے اتحاد اور اس کے اداروں کے خلاف جنگ کریں۔ انہوں نے عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاق اور ملکی اداروں پر حملہ نہ کریں، قانون اور آئین کی طے کردہ حدود سے تجاوز نہ کریں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قوم ایسے ناپاک منصوبوں کو کسی قیمت پر قبول نہیں کرے گی اور انہیں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے ایسے ناپاک اہداف کو شکست دینے کا عزم کیا۔
قبل ازیں پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے شیئر کیے گئے ایک بیان میں عمران خان کے ریمارکس کی مذمت کی۔ بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ کوئی بھی پاکستان کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کر سکتا، یہ کسی پاکستانی کی نہیں بلکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی زبان ہے۔
آصف زرداری نے پی ٹی آئی کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان! اس دنیا میں طاقت ہی سب کچھ نہیں ہے، بہادر بنیں اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر سیاست کرنا سیکھیں‘۔ اس ملک کو 3 ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی خواہش اس وقت تک پوری نہیں ہو سکتی جب تک ہم اور ہماری آنے والی نسلیں زندہ ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ ’انشااللہ، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا‘۔ آصف زرداری نے پی پی پی کو عمران خان کے ’ناپاک‘ بیان پر احتجاج کرنے کی ہدایت کی ہے۔