گوادر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تسلی بخش نہیں ہے: وزیراعظم

  • جمعہ 03 / جون / 2022

وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کئی سال گزرنے کے بعد بھی ہم ابھی تک گوادر ایئرپورٹ کو مکمل نہیں کر سکے اور گوادر کے عوام کو پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ہے۔

گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گوادر میں ہونے والے تعمیراتی کام کا فضائی دورہ کیا اور حکومت چین کی گرانٹ سے تعمیر کیا جانے والے گوادر ایئرپورٹ سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔  چین نے جو عمدہ کوالٹی کی موٹر وے بنائی ہے ’ایسٹ بے ایکسپریس وے‘ آج ہم نے اس کا افتتاح کیا ہے اور اس سے کراچی تک سامان پہنچانے کے لیے راستے کو منسلک کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چین کی ناظم الامور اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ مل کر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ یہاں کام کی رفتار تسلی بخش نہیں ہے۔ ابھی تک گوادر ایئرپورٹ مکمل نہیں ہوسکا اور 18-2017 میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔ یہ ابھی تک تعمیر کے مراحل طے کررہا ہے حالانکہ یہ سو فیصد چین کے صدر اور وزیراعظم نے ہمیں تحفتاً عطا کیا ہے لیکن اس کو بھی ہم مکمل نہیں کر پائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسی طرح گوادر کے عوام کو پینے کا پانی مہیا نہیں کیا جا سکا اور آج مجھے یہ بتایا گیا ہے کہ تیسرے مرحلے میں انتہائی پرانے پانی کے پائپوں کو تبدیل کرنا ہیں لہٰذا ہمیں متبادل کے طور پر ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانا ہوں گے۔ یہ کام پہلے کر لیا جاتا تو آج گوادر کے عوام کو پینے کا پانی دستیاب ہوتا، اسی طرح دیگر امور بھی سست روی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایران سے گوادر میں بجلی لا سکیں تو اچھی بات ہو گی۔ کئی سال سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار رہا ہے۔ گوادر میں 3200 گھرانوں کو سولر پینل بطور تحفہ عطیہ کرنے والی کمپنی سمیت دیگر کمپنیوں سے بات ہونی چاہیے اور ایسا کاروباری اور مالیاتی ماڈل تیار ہونا چاہیے کہ بجلی کا بل ادا کرنے کے بجائے ہم ایک گھرانے کو بینکوں کے ذریعے سے رقوم دلوائیں اور بولی کے شفاف عمل کے بعد کمپنیاں ان گھرانوں کے لیے معقول سائز کے سولر پینل فراہم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ مچھیرے بھائیوں کو مچھلیاں پکڑنے کے لیے انجن درکار ہے اور سب سے زیادہ مستحق گھرانوں کو مچھلیاں پکڑنے کے لیے وفاقی حکومت مفت کشتی کے انجن فراہم کرے گی اور مرحلہ وار بقیہ لوگوں کو بھی انجن فراہم کیے جائیں گے۔ گوادر یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب میں اعلان کرتا ہوں کہ اس بجٹ میں گوادر یونیورسٹی کے فنڈز مہیا کیے جا رہے ہیں اور ہم فی الفور عملی جامہ پہنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر دل پر پتھر رکھ کر اضافہ کرنا پڑا۔ تیل اور پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں آسمان سے باتیں کررہی تھیں۔ پچھلی حکومتوں نے ساڑے تین سال عوام کے لیے آٹا، دال گھی سستا نہ کیا لیکن جب انہیں لگا کہ تحریک عدم اعتماد کے خلاف کامیاب ہونے والی ہے تو انہوں نے تیل کی عالمی منڈی میں بڑھتی قیمتوں کے باوجود یہاں قیمتیں کردیں اور ہمارے لیے ایک جال پھینکا تاکہ ہم اس میں پھنس جائیں۔

ہم اپنی 98فیصد ضروریات ہم باہر سے خریدتے ہیں تو ان پر سبسڈی کس طرح دی جا سکتی ہے اور ہم اس کو روکنے کی پوری کوشش کی لیکن ہمیں مجبورا اضافی بوجھ ڈالنا پڑا۔ وزیراعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بلوچستان سے پانچ لاکھ اضافی گھرانوں کو شامل کرنے کا اعلان کیا اور گوادر کے 100فیصد غریب گھرانوں کا اس کے ذریعے احاطہ کیا جائے گا۔