صدر نے نیب اور الیکشن ترمیمی بلز پر دستخط کرنے سے انکار کردیا
صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہونے والے نیب اور الیکشن ترمیمی بلز پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے اور ان پر نظرثانی کی ہدایت کردی۔
صدر اور وفاقی حکومت کے درمیان سرد جنگ برقرار ہے۔ انہوں نے دونوں بل آئین کے آرٹیکل 75 کی شق کے تحت واپس وزیر اعظم کو بھجوائے اور کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور اس کی کمیٹیاں دونوں بلوں پر نظر ثانی اور تفصیلی غور کریں۔ صدر مملکت کو قانون سازی کی تجاویز کے متعلق مطلع نہ کرکے آئین کے آرٹیکل 46 کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دونوں بل جلد بازی میں 26 مئی کو قومی اسمبلی اور 27 مئی کو سینیٹ سے منظور ہوئے۔ معاشرے کے لیے دور رس اثرات والی قانون سازی پر قانونی برادری اور سول سوسائٹی کے ساتھ مشاورت کی جانی چاہیے۔سمندر پار پاکستانی اپنی محنت سے کمائی دولت کے ذریعے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے بھی 2018 اور 2014 میں سمندرپار پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کی توثیق کی، ٹیکنالوجی میں بہتری لا کر بیرون ملک سے پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جاسکتا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ آئی ووٹنگ کو تھرڈ پارٹیز کی جانب سے محفوظ، معتبر اور قابل بھروسہ قرار دیا جا چکا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 17 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے، دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے ذریعے روزانہ 8.5 ارب ڈالر کے محفوظ لین دین کیے جاتے ہیں۔
عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی ووٹنگ مشین میں پیپر ٹریل کا پورا سسٹم موجود ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین بیلٹ پیپر کی چھپائی اور گنتی میں مدد دیتی ہے ۔ پاکستان میں ہر الیکشن کے نتائج کو چیلنج کیا جاتا ہے اور ہر حکومت پر الزامات لگتے ہیں، نئی ترامیم ایک قدم آگے جانے کی بجائے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہیں۔
صدر نے کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم سے بارِ ثبوت استغاثہ پر ڈال کر اسے 1898کے فوجداری قوانین جیسا بنا دیا گیا ہے۔ نیب قانون میں ترامیم سے استغاثہ کے لیے کرپشن اور سرکاری اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات ثابت کرنا ناممکن بنا دیا گیا ہے۔ نیب قانون میں ترامیم سے پاکستان میں احتساب کا عمل دفن ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ وزارت پارلیمانی امور نے دونوں بلز منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھجوائے تھے۔ یہ بلز قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا حکومت کی جانب سے نیب اور الیکشن ایکٹ بلز مشترکہ اجلاس میں پیش کیے جانے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ منگل کے روز ہونے والے مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے میں معاشی صورتحال پر بحث کے ساتھ ان بلز کو بھی شامل کیا جائے گا۔حکومت نے وزارت پارلیمانی امور اور وزارت قانون کے ساتھ مشاورت شروع کردی۔ یہ مشاورت پی ٹی آئی کی بلز پر تنقید اور صدر عارف علوی کی جانب سے مقررہ 10 دنوں میں دستخط نہ کرنے اور واپس بھجوانے پر شروع ہوئی۔