عمران خان خان کے حامی رکن قومی اسمبلی کی سنگین دھمکی
پاکستان تحریک انصاف کے ایک قانون ساز نے دھمکی دی ہے کہ اگر پارٹی چیئرمین عمران خان کے ایک بال کو بھی نقصان پہنچا تو وہ خودکش حملہ کر دیں گے۔
یہ دھمکی پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عطا اللہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کی ویڈیو کو کئی نامور صحافیوں نے بھی شیئر کی ہے۔ عطا اللہ نے ویڈیو میں کہا کہ 'عمران خان کے ایک بال کو نقصان ہوتا ہے تو یہ ملک چلانے والے سوچ لیں کہ نہ آپ رہیں گے نہ آپ کے بچے رہیں گے، سب سے پہلے میں آپ پر خود کش حملہ کروں گا اور آپ کو چھوڑوں گا نہیں، اسی طرح ہزاروں کارکن تیار رہیں‘۔
ٹوئٹر پر بھی اس چونکا دینے والے بیان پر تنقید کی جارہی ہے۔ صحافی طلعت حسین نے سوال کرتے ہوئے خود ہی اس کا جواب بھی دیا کہ 'وہ کون سا قانون تھا جس کے تحت ایسی دھمکیوں کو سامنے رکھا جاتا ہے؟ اوہ ہاں، انسداد دہشت گردی ایکٹ!'۔
خیال رہے کہ سب سے پہلے فیصل واڈا نے مارچ کے آخر میں اپنی حکومت کے آخری چند ہفتوں کے دوران عمران خان کی جان کو لاحق خطرے کے بارے میں بات کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 'عمران خان کے ملک بیچنے سے انکار پر انہیں قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے'۔ اپریل کے آغاز میں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے انکشاف کیا تھا کہ سیکیورٹی ایجنسیوں کو عمران خان کے قتل کی سازش کی اطلاع ملی تھی۔
اپریل کے ہی آخر میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد، لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے پارٹی کو شہر میں ریلی کے حوالے سے خبردار کیا تھا اور عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ 'شدید خطرے کے الرٹس' کی روشنی میں ورچوئلی اجتماع سے خطاب کریں۔ 14مئی کو سابق وزیر اعظم نے اس بات کو دہرایا تھا کہ 'میری جان کو خطرہ ہے اور میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی ہے جس میں ان تمام لوگوں کے نام لیے ہیں جنہوں نے گزشتہ موسم گرما سے میرے خلاف سازش کی تھی'۔