پی ٹی آئی اراکین استعفوں کی تصدیق کے لئے نہیں آئے

  • سوموار 06 / جون / 2022

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اپنے چیمبر میں آج دن بھرپاکستان تحریک انصاف کے اراکین کے استعفوں کی تصدیق کے لیے انتظار کرتے رہے،  تاہم پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نہیں آئے۔

تحریک انصاف کے 30 ارکان اسمبلی اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی نہیں آئے۔  اسپیکر راجا پرویز اشرف  نے 5  گھنٹے تک  انتظار کیا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر نے صبح  11 بجے سے شام 4 بجے تک پی ٹی آئی اراکین کا انتظار کیا۔ اس دوران وہ اپنے چیمبر میں موجود رہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو حلقہ وار استعفوں کی تصدیق کے لیے بلایا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ہر رکن اسمبلی کے لیے استعفے کی تصدیق یا تردید کے لیے پانچ منٹ کا وقت مختص کیا گیا تھا۔قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں کی منظوری یا انہیں التوا میں رکھنے سمیت دیگر امور پر ماہرین سے رائے لے چکے ہیں اور انہوں نے آج سے پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع کرنا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اراکین کے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔