ایران کے وسطی شہر میں ٹرین پٹری سے اتر گئی، 10 افراد ہلاک
ایران میں وسطی شہر مشہد اور یزد کے درمیان تباس کے قریب ٹرین پٹری سے اترگئی، ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ واقعے میں تقریباً 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ریسکیو سروس کے ترجمان مجتبیٰ خالدی نے سرکاری ٹیلی ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے 12 کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریلوے کے نائب سربراہ میر حسن موسوی نے سرکاری نشریاتی ادارے کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں 348 مسافر سوار تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین ایک کھدائی کرنے والے سے ٹریکٹر سے ٹکرانے کے بعد پٹڑی سے اتری، ٹریکٹر ٹرین سے قریب موجود تھا۔
ایمرجنسی سروسز نے بتایا کہ صبح 5بج کر 30 منٹ پر حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کی 11 میں سے پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تھیں۔ ٹرین پٹری کے اترنے کا واقعہ گزشتہ ماہ ایک ٹاور بلاک گرنے کے بعد پیش آیا ہے جس میں تقریباً 43 افراد ہلاک ہوئے تھے۔