قلعہ سیف اللہ کے قریب مسافر بس کھائی میں جاگری، 22 افراد جاں بحق

  • بدھ 08 / جون / 2022

بلوچستان کے علاقے ژوب میں قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب مسافر بس سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں گر گئی واقعے میں 22 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

ضلع کے ڈپٹی کمشنر حافظ محمد قاسم نے بتایا ہے کہ بس میں تقریباً 23 افراد کے ہمراہ لورالائی سے ژوب کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ بس اخترزئی کے قریب پہاڑی کی چوٹی سے گری اور اس میں سوار 22 مسافر حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔ خیال رہے اخترزئی ایک قبائلی علاقہ ہے جو ژوب سے ایک ہزار 572 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔

ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک کمسن لڑکا زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے کوئٹہ بھیجا جا رہا ہے۔ تمام جاں بحق مسافروں کی لاشوں کو قلعہ سیف اللہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچے، 5 خواتین اور 11 مرد شامل ہیں۔

ڈی سی کا کہنا تھا کہ علاقے میں واقع ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ریسکیو آپریشن کے لیے کوئٹہ سے ٹیمیں طلب کی گئی تھی، آپریشن دوپہر تک اختتام پزیر ہوا تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تعزیتی بیان کا سلسلہ شروع ہوگیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واقعے پر دکھ کا اظہار کیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق علاقے میں واقع ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن کے لیے کوئٹہ سے ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں سڑکوں کے ناقص نظام کے باعث اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔