شوکت ترین کے حوالے سے الزامات بے بنیاد پروپیگنڈا ہیں: آئی ایس پی آر
پاک فوج کے ترجمان نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے حوالے سے سوشل میڈیا پرجاری پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔
پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صحافی شاہین صہبائی اور دیگر افراد کی جانب سے سوشل میڈیا پر شوکت ترین کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جو غلط اور بالکل بے بنیاد ہے کیونکہ شوکت ترین نے بھی خود اس دعوے کی تردید کی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ذاتی مفادات کو فروغ دینے کے لیے ادارے اور اس کی قیادت کے خلاف بدنیتی پر مبنی الزامات اور صریحاً جھوٹ بولنا قابل مذمت ہے۔ ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ ادارہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ میں سے کسی نے عمران خان کو چھوڑ کر شہباز شریف کی حکومت میں جانے کا نہیں کہا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ واضح طور پر خود سے منسوب کی گئی اس بات کی تردید کرتے ہیں۔