رکنِ قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

  • جمعرات 09 / جون / 2022

رکنِ قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے ہیں۔ وہ سیاست کے ساتھ ساتھ مختلف ٹی وی چینلز پر میزبانی کے فرائض بھی انجام دیتے رہے تھے۔

آغا خان اسپتال کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ عامر لیاقت حسین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ ریسکیو ادارے چھپیاکے ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جمعرات کی صبح عامر لیاقت کو ان کی رہائش گاہ سے مردہ حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کی موت کی وجوہات سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ مرحوم کے پوسٹ مارٹم کے لیے خاندان کی رضا مندی ضروری ہے اور اب تک خاندان کے کسی فرد نے رابطہ نہیں کیا۔ عامر لیاقت کے خاندان کی جانب سے پوسٹ پارٹم نہیں کرایا جاتا تو پولیس موت کی وجہ جاننے کے لیے خود پوسٹ مارٹم کرائے گی۔

پولیس نے عامر لیاقت حسین کی رہائش گاہ کا معائنہ بھی کیا ہے جب کہ ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی گئی ہے۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ عامر لیاقت کے ملازمین کے مطابق انہیں بدھ کی شب سینے میں درد ہوا تھا اور اصرار کے باوجود وہ اسپتال نہیں گئے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کے کمرے سے چیخوں کی آواز بھی سنائی دی تھیں جس کے بعد جب کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا تو کوئی جواب نہیں ملا، جس پر ملازم جاوید نے ہیلپ لائن پر فون کر کے پولیس کو مطلع کیا۔

عامر لیاقت حسین کے انتقال کی خبر نشر ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اسمبلی اجلاس جمعے کی شب پانچ بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین 2018 کے عام انتخابات میں تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر کراچی سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے لیکن انہوں نے پارٹی قیادت سے راہیں جدا کر لی تھیں۔

عامر لیاقت نے حال ہی میں ٹک ٹاکر سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کی تھی۔ بعد ازاں جوڑے کے درمیان اختلافات کے بعد دانیہ نے عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا۔