منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی توثیق

  • ہفتہ 11 / جون / 2022

لاہور کی خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی توثیق کر دی ہے۔

عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اسپیشل کورٹ سینٹرل نے منی لانڈرنگ مقدمے میں وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی بھی توثیق کر دی۔

عدالت کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 10، 10 لاکھ روپے جبکہ دیگر ملزمان کو 2، 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ قبل ازیں لاہور کی خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عدالت نے مقدمے کے دیگر ملزمان کی جانب سے دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ ہم نے یا سابق تفتیشی افسر نے کوئی تازہ رپورٹ نہیں لکھی کہ ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے۔ یہ مؤقف  ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر فاروق باجوہ کے بیان سے متصادم ہے جنہوں نے گزشتہ سماعت کے دوران عدالت میں تصدیق کی تھی کہ ایف آئی اے ان رہنماؤں کو گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

خصوصی عدالت (سنٹرل ون) کے پریزائیڈنگ جج اعجاز حسن اعوان نے گزشتہ سماعت کے دوران کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں (آج) 11 جون تک توسیع کی تھی، دونوں رہنما آج بھی عدالت میں پیش ہوئے۔