کراچی حلقہ این اے 240 ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم کامیاب
کراچی میں قومی اسمبلی حلقے این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں ایم کیو ایم کے امیدوار محمد ابوبکر کامیاب ہوگئے ہیں۔
صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی جس کے بعد الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق گنتی کا عمل مکمل کیا گیا۔ حلقہ این اے 240 کے 309 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے محمد ابوبکر 10683 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار شہزادہ شہباز 10618 ووٹ لے دوسرے نمبر پر رہے۔ مہاجر قومی موومنٹ کے سید رفیع الدین تیسرے، پاکستان پیپلز پارٹی کے ناصر رحیم چوتھے اور پاک سر زمین پارٹی کے امیدوار شیبر احمد قائم خانی پانچویں نمبر پر رہے۔
ضمنی انتخاب کے باعث عام تعطیل نہ ہونے اور دیگر وجوہات کی بنا پر ووٹرز کا ٹرن آؤٹ انتہائی کم نظر آیا، الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر ووٹنگ ٹرن آؤٹ 8.38 فیصد رہا۔ ووٹنگ کے دوران مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں تصادم ہوا، جس کے دوران پولنگ کا عملہ خوف و ہراس میں ڈیوٹیاں چھوڑ کر پولنگ اسٹیشن سے محفوظ مقام کی طرف منتقل ہوا۔
حلقہ این اے 240 پرضمنی انتخاب کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس کے ساتھ سندھ رینجرز نے بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیے، فائرنگ اور پُرتشدد واقعات کے بعد سیکیورٹی اداروں کے مستعد اہلکاروں نے صورت حال کو کنٹرول کیا۔
حلقہ این اے 240 کی نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار855 ہے۔ ضمنی انتخاب کے لئے 133 عمارتوں میں 309 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے۔