ملکی مالی نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے گا: بلاول بھٹو زرداری

  • اتوار 19 / جون / 2022

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے پاکستان کو مثبت خبر ملنے کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں اینٹی منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق حکمت عملی کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ان کے یہ ریمارکس ایف اے ٹی ایف کی جانب سے اس اعتراف کے بعد سامنے آئے ہیں کہ پاکستان نے 2 علیحدہ علیحدہ ایکشن پلانز کے تمام 34 نکات کی تکمیل کی ہے۔ اگلے مرحلے میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے سے قبل ایف اے ٹی ایف پاکستان کے منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کے اقدامات کے نفاذ اور پائیداری کی تصدیق کے لیے ملک کا دورہ کرے گی۔

دفتر خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی کے تحت مالیاتی شعبے میں اصلاحات کے اس مثبت راستے کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے یہ اچھی خبر پاکستان کی معیشت میں اعتماد بحال کرے گی اور پائیدار ترقی کو راغب کرے گی۔

وزیر خارجہ نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے بارے میں نظام کو عالمی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی جانب سے ملک کے دورے اور گرے لسٹ سے اخراج کی کامیاب پیش رفت اور اس کی جلد تکمیل کا منتظر ہے۔

ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کے 2018 اور 2021 کے ایکشن پلان کی تکمیل کے متفقہ اعتراف کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے پاکستان کی ایف اے ٹی ایف ٹیم کی سخت محنت اور کاوشوں کو سراہا جس کی وجہ سے دونوں ایکشن پلانز کی تمام تکنیکی ضروریات کی کامیابی سے تکمیل ہوئی۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ یہ مشترکہ قومی کوششوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کی مکمل ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان ایک خوش آئند پیشرفت ہے۔ یہ پاکستان کی جانب سے اپنے اے ایم ایل اور سی ایف ٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے قابلِ ذکر پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے بھی کہا تھا کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تمام ایکشن پلانز پر عمل درآمد کیا اور ملک گرے لسٹ سے باہر نکلنے سے ایک قدم دور ہے۔