ٹیلی ویژن اداکار مسعود خواجہ انتقال کر گئے

  • سوموار 20 / جون / 2022

پاکستان ٹیلی وژن  سے کیریئر کا آغاز کرنے والے اداکار و کامیڈین مسعود خواجہ طویل عرصے تک علیل رہنے کے بعد 20 جون کو انتقال کر گئے۔

مسعود خواجہ نے پی ٹی وی سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے معروف ڈرامے ’گیسٹ ہاؤس‘ میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد بطور کامیڈین شہرت حاصل کی۔ اپنے فنی کیریئر میں انہوں نے آغاز میں سنجیدہ کردار ادا کیے، تاہم انہوں نے معاون کرداروں سمیت منفی کردار بھی ادا کیے۔

انہوں نے اسٹیج اور ریڈیو پاکستان کے لیے بھی کام کیا اور بیرون ممالک بھی تھیٹرز میں پرفارمنس کی۔ تاہم انہیں شہرت بطور کامیڈین ملی۔ پی ٹی وی کے مشہور ڈراموں میں معاون اور مزاحیہ کردار ادا کرنے کے بعد انہوں نے متعدد نجی ٹی وی چینلز کے ڈراموں میں بھی خود کو بطور کامیڈین منوایا۔

مسعود خواجہ کچھ عرصے تک ٹی وی چینلز کے مزاحیہ ریئلٹی ٹاک شوز میں بھی بطور کامیڈین شرکت کرتے رہے۔  وہ طویل عرصے سے گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا، تاہم 20 جون کو خالق حقیقی سے جا ملے۔

مسعود خواجہ راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں تھے۔ ان کے علاج کے لیے اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم سے بھی اپیل کی گئی تھی۔

مسعود خواجہ کافی عرصے سے ڈائلاسز پر تھے اور ان کے گردے تقریبا ختم ہو چکے تھے۔ ان کے انتقال پر شوبز شخصیات کے علاوہ سیاسی، و سماجی شخصیات نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے انتقال کو کامیڈی کے ایک دور کا اختتام قرار دیا ہے۔