وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے امرا پر ون ٹائم ٹیکس کا اشارہ
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں بدتر معاشی چیلنج سامنا ہے لیکن ہم اس ذمے داری کو نبھائیں گے۔ ہم نے مشکل فیصلے کیے ہیں اور اگر ملک کی معیشت کو سدھارنے کیلئے مزید مشکل فیصلے کرنے پڑے تو وہ بھی کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں جو حکومت ملی اس میں پچھلی حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں، ناعاقبت اندیشی اور بے انتہا ناقص کارکردگی کی بنا پر ہمیں بہت بڑا معاشی چیلنج ملا۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ دنیا میں تیل اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں لیکن پچھلی حکومت نے جاتے جاتے ان کی قیمتیں کم کر کے حکومت کے لیے ایک جال بچھایا جو 100فیصد بدنیتی پر مبنی فیصلہ تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں معاشی صورتحال بے انتہا گمبھیر ہے۔ تیل، پیٹرول اور دیگر اجناس کی عالمی قیمتیں بہت تیزی سے بڑھ رہی ہیں لیکن ہم نے اس بجٹ میں فیصلہ کیا کہ جہاں ہمیں پیٹرول اور تیل کی قیمتیں مجبوراً بڑھانی پڑیں، وہیں ہم نے سات کروڑ لوگوں کے لیے ریلیف مہیا کیا۔ جس کے ذریعے دو ہزار روپے مہینہ ہیلپ لائن کے ذریعے کروڑوں لوگوں کو دیا جا رہا ہے۔
ہم نے بجٹ میں فیصلہ کیا کہ غریب آدمی پر پڑنے والے بوجھ کو بانٹیں گے اور صاحب ثروت لوگوں پر ٹیکس لگائیں گے تاکہ غریب کو یقین ہو جائے کہ اگر ان پر بوجھ آیا ہے تو ہم امیر ترین طبقے پر بھی ٹیکس لگا رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ صاحب ثروت خوشی کے ساتھ قوم کا ساتھ دیں گے۔ ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کریں گے جس کی بدولت ہم کئی سو ارب ٹیکس اکٹھا کریں گے۔ انہوں نے امرا پر ون ٹائم ٹیکس عاید کرنے کا اشارہ بھی دیا تاکہ فوری طور سے موجودہ بحران سے نکلنے کے لئے وسائل جمع ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس ذمے داری کو نبھائیں گے۔ ہم نے مشکل اور بے باک فیصلے کیے ہیں، مزید بھی کرنے پڑے تو کریں گے تاکہ اس ملک کی معیشت کو سدھارا جا سکے اور پاکستان کی معیشت کو ہم مضبوط کر سکیں، اس کے لیے ہم کسی بھی قدم سے نہیں ہچکچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ اتحادی حکومت کی دعاؤں کے ساتھ ان مراحل کو عبور کرے گی اور عوام کے لیے آنے والے وقتوں میں ان فیصلوں کے بعد ضرور اچھا وقت آئے گا اس کے لیے ہم محنت کریں گے۔ شہباز شریف نے قوم کو یقین دلایا کہ یہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن ہم سب مل کر پاکستان کو اس مشکل سے نکال کر اچھے وقتوں میں لے کر جائیں گے۔