پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھا کر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا: وزیر خزانہ

  • جمعرات 23 / جون / 2022

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ ہمیں احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، بہت جلد اس کو نیچے لے کر آئیں گے۔

اسلام آباد میں مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم امیر لوگوں پر مزید ٹیکس لگائیں گے، جن کی آمدنی 15 کروڑ روپے ہے ان پر مزید ایک فیصد، جن کی آمدنی 20 کروڑ سے زیادہ ہے ان پر 2 فیصد، جن کی امدنی 25 کروڑ روپے سے زیادہ ہے ان پر 3 فیصد اور جن کی آمدنی 30 کروڑ روپے سے زیادہ ہے ان پر 4 فیصد سے زیادہ مزید ٹیکس عائد کریں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جو اس قابل ہیں کہ مزید ٹیکس دے سکتے ہیں ان پر نئے ٹیکس عائد کر رہے ہیں۔ جو سپر ٹیکس لگائے ہیں ان کی تفصیلات کل بتاؤں گا۔ سب سے پہلے شوگر پر ٹیکس لگایا ہے جس کی وزیراعظم کی کمپنی ہے جب کہ نئے ٹیکس سے میری اپنی کمپنی کا بھی کم از کم 20 سے 25 کروڑ روپے کا ٹیکس بڑھ جائے گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ بجٹ خسارہ کیا، عمران خان نے 4 بڑے بجٹ خسارے کیے۔ مجموعی قرض میں 80 فیصد کا اضافہ کردیا۔ جب ان کی حکومت آئی تھی تو 25 ہزار کا قرض تھا جب کہ ان کی حکومت گئی تو پاکستان کا قرضہ 45 ہزار ارب ہو گیا تھا۔

مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ جب آپ اتنے قرض لیں گے تو کس طرح سے خود مختاری کی بات کرسکتے ہیں۔ اصل خودمختاری تو تب ہوگی جب ملک کا بجٹ خسارہ ختم ہوگا، جب ہمیں مزید قرض نہیں لینا پڑے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ لوگوں کو نیوٹرل نہیں ہونا چاہیے تو عمران خان کو خود بھی تو پرو پاکستانی ہونا چاہیے تھا۔ پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی جانب تو نہیں لے کر جانا چاہیے تھا، عمران خان کیوں ایسا کر رہے تھے۔ ہم نے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، ہم نے پیٹرول کی قیمت بڑھا کر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے دوران پیٹرول پر سبسڈی دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پہلے دن کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھانا لازمی ہے۔ یہ فیصلے وزیراعظم کے لیے بہت مشکل تھے، ہماری غلطی ہو یا نہ ہو لیکن ہم ایک ایک چیز کی قیمت کے ذمے دار ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہےکہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچائیں، آج اللہ کی مہربانی سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ مارکیٹ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے لیکن آج اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے اور روپے کی قدر بھی مستحکم ہونے جارہی ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا اور یک طرفہ طور پر تیل کی قیمت کم کی۔ اب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو دیکھ رہے ہیں اور یقین دلاتا ہوں اگر جیسے ہی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آتی ہیں تو پاکستان میں جو کچھ کرسکتے ہیں کریں گے۔

مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کے رہنما ملک میں مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہیں تو مجھے خوشی ہوتی ہے کہ انہیں بھی مہنگائی کی فکر ہے جو خود مہنگائی کے کپتان ہیں۔ اصل خود مختاری یہ ہوتی ہے کہ آپ کو کسی کے سامنے جھولی نہ پھیلانی پڑے، جھوٹی تقریریں کرنا خود مختاری نہیں ہوتی، امریکی صدر سے ملاقات کے بعد یہ کہنا کہ میں ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں، یہ خود داری نہیں ہوتی۔