سوات کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی امیدوار کامیاب

  • سوموار 27 / جون / 2022

خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے7 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حاجی فضل مولا نے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار حسین احمد کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی۔

غیر سرکاری نتائج کے حوالے سے بتایا گیا کہ حاجی فضل مولا نے 18 ہزار 42 ووٹ لیے جب کہ ان کے حریف حسین احمد نے 14 ہزار 665 ووٹ حاصل کیے۔ یہ سیٹ 30 اپریل کو اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی وقار احمد خان کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ پولنگ کے دوران امن و امان کی صورتحال ٹھیک رہی اور حلقے میں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ امن و امان کی ٹھیک صورتحال کے باوجود پولنگ کے دوران حلقے میں ووٹروں کا ٹرن آؤٹ بہت کم رہا جو تقریباً 17 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

ضمنی انتخاب کے دوران صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے 4 امیدوار میدان میں  تھے جن میں پی ٹی آئی کے حاجی فضل مولا، اے این پی کے حسین احمد خان، تحریک انقلاب پولیٹیکل موومنٹ کے دولت خان اور آزاد محمد علی شاہ شامل تھے۔

حلقے میں پی ٹی آئی اور اے این پی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی کیوں کہ پی ٹی آئی کے سوا، مرکزی دھارے کی تمام سیاسی جماعتوں نے 09-2007 کے عرصے میں بے امنی اور دہشت گردی کاشکار بننے والے خاندان کی قربانیوں کی وجہ سے الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کر کے اے این پی کے امیدوار کی حمایت کی تھی۔

ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 124 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے جن میں 30 پولنگ اسٹیشنز مردوں جب کہ 28 خواتین کے لیے مختص تھےاور 66 پولنگ اسٹیشنز مرد و خواتین ووٹرز کے لیے بنائے گئے تھے، 124 پولنگ اسٹیشنز میں سے 41 کو حساس اور 12 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق اس حلقے میں ایک لاکھ 83 ہزار 308 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن میں سے ایک لاکھ 2 ہزار 88 ووٹرز مرد جب کہ 81 ہزار 220 خواتین رائے دہندگان ہیں۔