توہین مذہب پر اودھے پور میں ایک شخص کا سر تن سے جدا کردیا گیا
- تحریر بی بی سی اردو
- منگل 28 / جون / 2022
بھارتی ریاست راجھستان کے ڈسٹرکٹ اودھے پور میں ایک شخص کا سر تن سے جدا کرنے کے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔ پولیس نے اس الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
قتل کا یہ واقعہ سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب پیش آیا ہے۔ پولیس کی جانب سے امن و امان کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس ایم ایل لاتھر کا کہنا ہے کہ دو افراد کو راج سمند نامی ڈسٹرکٹ کے علاقے بھم سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ اودھے پور کے ساتھ والا ڈسٹرکٹ ہے۔
مقتول کنہیہ لال تیلی دھان منڈی پولیس سٹیشن کی حدود میں درزی کا کام کرتا تھا۔۔ منگل کو کچھ لوگ اس کی دکان میں کپڑے سلوانے کے بہانے آئے اور انہیں دکان سے باہر لے جا کر تلوار سے ان کی گردن اڑا دی۔ خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے راج سمند پولیس کے سپرنٹینڈنٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار ہوئے۔
سپرنٹینڈنٹ سدھیر چوہدری نے کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت ہو گئی ہے۔ ملزمان کو پکڑنے کے لیے دس ٹیموں کو تعینات کیا گیا تھا۔ اودھے پور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ تارا چند مینہ نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی نے کہا ہے کہ قتل کے واقعے کے بعد اودھے پور کے کچھ علاقوں میں احتجاج شروع ہو گیا ہے۔ اودھے پور کے ایس پی منوج کمار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ’ہ اندوہناک قتل ہے۔ کچھ ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے، پولیس کی ٹیمیں ملزمان کی تلاش کر رہی ہیں۔ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کیا اس قتل کی وجہ بی جے پی کی رہنما نوپر شرما کی سوشل میڈیا پر حمایت میں کی جانے والی پوسٹ ہے؟ اس سوال کے جواب میں ایس پی نے میڈیا کو بتایا ہے ’ہم ان ریکاڈز کو دیکھ رہے ہیں۔ ابھی ہم جائے وقوعہ پر صورتحال کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ہر چیز کو ملحوظ خاطر رکھ کر تفتیش کاروں سے بات کر رہے ہیں۔‘
منگل کی دوپہر جب کنہیہ لال پر حملہ کیا گیا تو وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔ وزیراعلی راجھستان اشوک گلہٹ نے کہا ہے کہ وہ علاقے میں نوجوان کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر ایک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پر امن رہے اور واقعے کی ویڈیو شئیر نہ کریں۔ کیونکہ اس سے مجرموں کی جانب سے سوسائٹی میں نفرت پھیلانے کا مقصد پورا ہو جائے گا
اس وقعے کے بعد ہندو تنظمیوں میں غم و غصہ نظر آ رہا ہے اور ان کی جانب سے علاقے کی مارکیٹوں کو بند کرا دیا گیا ہے۔ یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ یہ بندش غیر معینہ مدت تک کے لیے ہے۔
قتل کے واقعے کے بعد راجھستان کی حکومت نے پوری ریاست میں ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سری لاتھر نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ قتل کے اس دہلا دینے والے واقعے کی ویڈیو نشر نہ کریں۔ پولیس کے ایڈیشنل ڈایریکٹر جنرل برائے قانون ہاوا سنگھ گوماریا نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے سے متعلق ویڈیوز کو وائرل نہ کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ جنہوں نے یہ ویڈیوز بنائی ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ درجنوں پولیس اہلکار اور افسران اس واقعے کے بعد اودھے پور میں تعینات ہیں۔