لوڈشیدنگ پر قابو پانا ہماری ذمہ داری ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ گیس میں کمی کرتے ہیں صنعتوں کو دھچکا لگتا ہے اور بجلی میں کمی کریں تو عوام بددعائیں دیتے ہیں۔
ملک بھر میں جاری لوڈ شیڈنگ سے متعلق اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں نہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں، ہم نے پاور پلانٹس کی مرمت کرکے انہیں استعمال کے قابل بنایا جب کہ سابق حکومت نے ان کی مرمت کے حوالے سے کچھ نہ کیا۔ وہ پلانٹس جو کھلنے میں تاخیر کا شکار ہیں انہیں بھی جلد ازجلد چلائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری دنیا میں ترقی یافتہ ممالک نے گیس خرید رکھی ہے لیکن سابق حکومت نے سستی گیس خریدنے کا موقع ضائع کیا جب کہ ہم نے مہنگی گیس خریدنے سے گریز کیا کیوں کہ اس وقت عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ تیل و گیس مہنگی داموں خریدنے پر زیادہ زرمبادلہ خرچ ہوجاتا ہے جب کہ ہم قوم کی ایک ایک پائی بچانے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پن بجلی کے منصوبوں میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی، کوئلے کی قیمت کو آگ لگی ہوئی ہے اور گیس مہنگی ہوچکی ہے۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میٹرو (اورنج لائن، بلیو لائن، گرین لائن) پر پیش رفت اور اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔