بلوچستان: مسافر بس حادثہ میں 19 افراد جاں بحق

  • اتوار 03 / جولائی / 2022

بلوچستان کے شہر ژوب کی تحصیل شیرانی کے علاقے دانہ سر میں واقع پہاڑی سلسلے کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 19 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر شیرانی مہتاب شاہ کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ بس اسلام آباد سے کوئٹہ آرہی تھی جس میں 30 سے زائد مسافر سوار تھے۔ سول ہسپتال ژوب کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نور الحق نے بتایا کہ ہسپتال میں لائے گئے چند زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشیں سول ہسپتال ژوب اور سول ہسپتال مغل کوٹ منتقل کی گئیں، مرنے والے افراد کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دانہ سر ژوب کے قریب مسافر کوچ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔