کوپن ہیگن کے شاپنگ مال میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک

  • سوموار 04 / جولائی / 2022

گزشتہ شام کوپن ہیگن ائرپورٹ کے  قریب واقع ایک شاپنگ مال فیلڈز میں ایک نوجوان کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ  سے فائرنگ کے تھوڑی دیر بعد ہی ایک 22 سالہ نوجوان کو اس حملہ کے شبہ میں گرفتار کرلیا تھا جسے  سوموار کی شام تک  عدالتی ریمانڈ کے لئے پیش کیا جائے گا۔ پولیس چیف  سورن تھوماسن کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق اس واقعہ میں دہشت گردی کا امکان نہیں ہے اور نہ ہی یہ کسی باقاعدہ سازش  کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے  فائرنگ  کی منصوبہ بندی میں کسی گروہ کے ملوث ہونے یا اس حملہ میں کسی ایک خاص گروہ کو نشانہ بنانے کے امکانات کو بھی مسترد کیا ہے۔ گرفتار شدہ نوجوان کے بارے میں جو معلومات سامنے آئی ہیں، ان سے پتہ چلتا ہے کہ وہ ماضی میں نفسیاتی عارضے کا علاج کرواتا رہا ہے۔

یہ بات بھی واضح ہوگئی  ہے کہ  حملہ آور نے فائرنگ کی  باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی اور اسلحہ کے ساتھ اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ بھی کی تھیں۔ تاہم ابھی تک اس فائرنگ کی وجوہات  کے بارے میں معلومات سامنے نہیں آسکیں۔  پولیس اور تمام متعلقہ ادارے اس بارے میں تفتیش کررہے ہیں۔

چھٹیوں کے  بھرپور موسم میں ڈنمارک کے دارالحکومت کے ایک اہم شاپنگ مال میں  خوفناک فائرنگ اور ہلاکتوں کی وجہ سے پورے شہر اور ملک میں خوف کی کیفیت طاری رہی۔ فائرنگ کے بعد پولیس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر پورے سنٹر کو گھیرے میں لے کر  سنٹر کی تمام دکانوں کی تلاشی لی اور وہاں موجود لوگوں کو محفوظ مقامات پر انتظار کرنے کے لئے کہا گیا۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ بعض لوگوں کو سنٹر کے ٹائیلٹس میں کئی گھنٹے تک محصور رہنا پڑا۔ پولیس نے اس علاقے میں ہونے والے ایک کنسرٹ کو بھی منسوخ کرنے کا حکم دیا اور اس مقصد سے جمع ہونے والے لوگوں کو منتشر کردیا گیا تھا۔ تاہم سوموار کی صبح تک اس علاقے میں تمام سرگرمیوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ڈنمارک کی ملکہ مارگریتھے اور وزیر اعظم میتے فریدرکسن نے اس سانحہ پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ انہوں نے پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کی مستعدی کی تعریف کرتے ہوئے فوری رد عمل اور ملزم کی گرفتاری پر بھی اطمینان کا اظہارکیا ہے۔

(رپورٹ: ناصر صدیقی ۔کوپن ہیگن)