پنجاب میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مفت بجلی فراہم کریں گے۔ سولر پینل فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ ان کو ہمیشہ کے لیے مفت بجلی مل سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 100 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کی اوسط 44 لاکھ سے 90 لاکھ خاندان سالانہ بنتی ہے۔ ایک خاندان کے 6 افراد بھی شامل کریں تو یہ ساڑھے پانچ کروڑ لوگ ہیں جو کہ غریب ترین طبقہ ہے اور صوبے کی آدھی آبادی بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 6 ماہ میں جن لوگوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 100 ارب روپے کی سبسڈی سے مفت بجلی فراہم کرنے جارہی ہے۔ آج کے بعد 100 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بجلی کا بوجھ اٹھانے کی فکر سے آزاد ہوجانا چاہیے۔
ہم باریک بینی سے اس چیز کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ گھروں کو سولر پاور دے کر متبادل بجلی فراہم کریں تاکہ آنے والوں سالوں میں ہمیشہ کے لیے ان کی بجلی مفت ہو۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اگر لوگوں کا چولہا ٹھنڈا ہوگا تو مجھے بھی یہاں بیھٹنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ کوشش کروں گا اور مجھے قوی یقین ہے کہ مہنگائی کا جن کو بھی بوتل میں بند کریں گے، آئی ایم ایف کا پروگرام چلے گا، انٹرنیشنل ڈونرز آئیں گے، دوست ممالک مدد کریں گے، صحیح پالیسز بنیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکن چیزوں کو کسی اور نظر سے دیکھتا ہے، زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، جب میں جیل گیا تو گورنمنٹ کالج کا طالب علم تھا، مشرف کا دور تھا پھر اب یہ 22 مہینے کی جیل کاٹی ہے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ غربت، بے روزگاری، مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کو دوبارہ سے اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، سسکتی ہوئی معیشت کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک میں پنجاب کا وزیراعلیٰ ہوں آپ سے سچی باتیں کروں گا۔ حقائق بتاؤں گا کہ اس صوبے کے ساتھ کیا کھلواڑ کیا گیا اور اس کے ثبوت پیش کروں گا۔ کسی کی عزت اچھالنے کے لیے اس کو چور، ڈاکو، کرپٹ نہیں کہوں گا، کیونکہ یہ نعرے سن سن کر اس قوم کے کان پک گئے ہیں۔ اگر آج کوئی سیاست کررہا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں جواب دہ ہوگا
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو قوم عمران نیازی کو آئینہ ضرور دکھائے گی۔ عمران نیازی آپ پہلے توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، فرح گوگی کی اربوں کی غبن کا حساب دیں۔