عیدالاضحیٰ کے اجتماعات مساجد کے بجائے کھلے مقامات پر منعقد کرنے کا مشورہ

  • منگل 05 / جولائی / 2022

ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عید الاضحیٰ کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز کے اجتماعات مساجد کے بجائے کھلے مقامات اور میدانوں میں منعقد کیے جائیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں عید الاضحیٰ سے متعلق رہنما ہدایات جاری کر دیں۔ این سی او سی کی نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بہت ضروری ہے۔ اس لیے نماز عید کے ایک اجتماع کے بعد رش کو کم رکھنے کے لیے ایک ہی مسجد میں 2 یا 3 اجتماعات منعقد کیے جائیں۔

نئی گائیڈ لائنز میں علمائے کرام اور خطیبوں سے اپیل کی گئی ہے وہ نماز عید کے خطبات کو مختصر رکھیں۔ این سی او سی نے علمائے کرام اور خطیبوں سے مزید درخواست کی ہے کہ وہ لوگوں کو ماسک اور سینیٹائزر کے استعمال کی تلقین کریں اور کورونا کی علامات جیسے بخار وغیرہ ظاہر ہونے کی صورت میں نماز کے اجتماعات میں شرکت نہ کرنے کی نصیحت کریں۔

نئی گائیڈ لائنز میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عید الاضحی کی نماز کھلے مقامات پر ادا کریں، نماز کی ادائیگی کے لیے مساجد میں اجتماعات کے بجائے کھلے مقامات اور میدانوں میں اجتماعات منعقد کیے جائیں۔

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں مزید 653 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا کی صورتحال سے متعلق قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مثبت کیسز کا تناسب 3.45 فیصد رہا۔