کراچی میں مزید تیز بارشوں کا امکان، متعدد جاں بحق
کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئیں اور شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔ اب تک بارشوں کی وجہ سے متعدد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
شہر کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی تیزی سے سڑکوں اور محلوں میں جمع ہوگیا جس نے اگست 2020 میں ہونے والی تباہ کن موسلادھار بارش کی یاد تازہ کردی۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے شہر میں بجلی کی طویل بندش اور سڑکوں کے ندی نالوں کی صورت اختیار کرنے کا شکوہ کیا۔
ٹریفک پولیس کراچی کہ جانب سے کہا گیا کہ سب میرین انڈر پاس، کے پی ٹی انڈر پاس اور عبدللہ شاہ غازی انڈر پاس پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے مطابق کراچی کی جانب بڑھنے والا تیز بارشیں برسانے والا نیا سسٹم 18 یا 19 جولائی تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بحیرہ عرب پر مسلسل کم دباؤ کی وجہ سے کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدر آباد میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تیز بارشوں والا نیا سسٹم 18 سے 19 جولائی تک کراچی میں بارشیں برسائے گا۔
موسلادھار بارش نے مزید 2 شہریوں کی جان بھی لے لی۔ پولیس کے بیان کے مطابق شہر کے گارڈن ایریا میں 2 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔
واضح رہے کہ کراچی میں ایک ہفتے سے جاری مون سون بارشوں کا سلسلہ اب تک کئی شہریوں کی جانیں لے چکا ہے۔ جمعے کو بارش کے سبب تباہ کاریوں کے مخلتف واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ ہفتے کے روز کرنٹ لگنے سے 7 افراد انتقال کر گئے۔