امریکا کے بوٹ پالش کرنے سے بہتر ہے پاکستان نہ بنتا: عمران خان

  • منگل 12 / جولائی / 2022

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم انگریز کی غلامی کے بعد ہم ہندوؤں کی غلامی میں نہیں جانا چاہتے تھے، اس لئے یہ منلک قائم ہؤا تھا۔ اگر آج ہم نے امریکا کے بوٹ پالش کرنے ہیں تو اس سے بہتر ہے کہ پاکستان نہ بنتا۔

لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی  فنانشل کیپٹل ہے، یعنی کراچی اوپر جاتا ہے تو ملک اوپر جاتا ہے لیکن کراچی میں ملک کی تاریخ کا بڑا ڈاکو گزشتہ 14 سال سے بیٹھا ہوا ہے۔ کراچی کھنڈر بن گیا، زرداری اور ان کے ٹولے نے کبھی نہیں سوچا کہ بارش کی تیاری کرے۔ کراچی جو پورے ملک کو اٹھاتا ہے اس کے حالات دیکھ لیں، جب تک یہ ڈاکو وہاں بیٹھا ہوا ہے، سندھ آگے نہیں بڑھے گا۔ سندھ کے نام پر سیاست اور چوری کرکے پیسہ ملک سے باہر لے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا احسن اقبال کہتا ہے کہ ملک کرپشن کے باوجود ترقی کرتا ہے۔ اللہ کا حکم امر بالمعروف ہے، حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہو اور برائی کے خلاف ہو، یہ چور ہمیں کہہ رہے ہیں کہ چوری بری چیز نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں نیوٹرلز بننے کی اجازت نہیں دی۔ یا تو اچھائی کے ساتھ کھڑے ہو یا برائی کے ساتھ۔ یہ فیصلہ کن وقت ہے۔ 17 تاریخ کو انتخاب نہیں جہاد ہے، یہ اس ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے۔ یہ جو چور ہمارے اوپر مسلط کیے گئے، امریکا نے میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ مل کر سازش کی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ عمران خان کی حکومت میں مہنگائی ہے اس کو ہٹا دیا جائے۔ مہنگائی کے اوپر انہوں نے مہم چلائی، جیسے ہی یہ چور اقتدار میں آئے، مہنگائی کو بھول گئے۔ انہوں نے اپنے کرپشن کے کیسز ختم کیے، گیارہ سو ارب روپے کی چوری جو انہوں نے دس سال میں مل کر کی تھی، آتے کے ساتھ ہی معاف کروائی۔ اس سے بڑا ڈاکہ کبھی نہیں پڑا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال مکڈونلڈ کھانے گیا تھا، کہتا ہے کہ عمران خان نے لوگوں کو بدتمیزی سکھا دی ہے۔ جھوٹے ارسطو یہ بدتمیزی نہیں حقیقت ہے۔ تم چور ہو، شریف خاندان نے زرداری کے ساتھ مل کر ملک کو مقروض کرایا، شرم نہیں آتی کہ آپ ان چوروں کے جوتے پالش کرتے ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک اس لیے آزاد ہوا تھا کیونکہ قائداعظم اور علامہ اقبال نے کہا کہ انگریز کی غلامی کے بعد ہم ہندوؤں کی غلامی میں نہیں جانا چاہتے، اگر آج ہم نے امریکا کے بوٹ پالش کرنے ہیں اس سے بہتر ہے پاکستان نہ بنتا، میں آج تک کسی کے سامنے نہیں جھکا اور پاکستانیوں آپ کو بھی کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقابلہ چوروں کے ساتھ ہے جو پیسے چلا رہے ہیں۔ ان سے پیسے لے لو، ووٹ بلے کو ڈالنا۔ الیکشن کمشنر مریم اور حمزہ کے قدموں میں بیٹھ کر منصوبے بنا رہا ہے کہ کیسے انتخابات جیتنا ہیں کیونکہ ایمانداری سے یہ کچھ نہیں کرسکے۔ سب کو پتا ہے کہ مسٹر ایکس کون ہے، وہ ان کے ساتھ بیٹھ کر غداری کررہا ہے۔ ہم نے ان کو دھاندلی کے باوجود پھینٹی لگا کر ہرانا ہے۔