بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، 10 افراد ہلاک

  • اتوار 17 / جولائی / 2022

بلوچستان کے ژوب اور خضدار کے اضلاع میں گزشتہ ہفتے کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیضے کی وبا پھیلنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے حکام نے متنبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے 16 اضلاع میں شدید ڈائیریا کی وبا پھیلی ہوئی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق صوبے میں اس بیماری سے ایک ہزار 300 سے زیادہ لوگ متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ژوب ضلع میں گزشتہ 10 روز کے دوران 7 افراد ہلاک ہو گئے۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ خضدار کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ہیضے کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں کئی قریبی دیہاتوں سے لوگ آرہے ہیں۔ ڈاکٹر سیف الرحمٰن کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران 100 سے زائد مریض ہسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔

ژوب کے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نورالحق کے مطابق ژوب میں بھی صورتحال زیادہ مختلف نہیں ہے، جہاں ہیضے میں مبتلا 7 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ نے وبا کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ صوبائی وزیر کے مطابق ہیضے کی وبا پر قابو پانے کے لیے خصوصی طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی جارہی ہیں۔