چیف الیکشن کمشنر کا اپنی سیکیورٹی پر عدم اطمینان کا اظہار

  • اتوار 17 / جولائی / 2022

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے خود کو فراہم کردہ سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔  کیپٹل پولیس کے سینئر افسر نے شناخت ظاہر نہ کیے جانے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے حال ہی میں انسپکٹر جنرل آف پولیس  اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سے سیکیورٹی کی تفصیلات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

اپریل میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزارت داخلہ سے چیف الیکشن کمشنر کے لیے ان کی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ، ان کی رہائش گاہ پر اور ان کی نقل و حرکت کے دوران ان کے لیے فول پروف سیکیورٹی طلب کی تھی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھمکیوں کے پیش نظر 4 جولائی کو ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو چیف الیکشن کمشنر کا چیف سیکیورٹی افسر مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 14 اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم کو الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں تعینات کیا گیا تھا جب کہ 2 اہلکار ان کی رہائش گاہ کے دروازے پر متعین کیے گئے تھے۔

رابطہ کرنے پر کیپیٹل پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ آئی جی اور ڈی آئی جی کو چیف الیکشن کمشنر نے بلایا تھا اور ایف سی اہلکاروں کی تعیناتی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ سکندر سلطان راجا نے افسران سے کہا کہ ان رہائش گاہ پر اہلکاروں کی ضروت نہیں، ان کو وہاں سے ہٹا دیا جائے۔

ڈان نے چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجا سے اس سلسلے میں بات کرنے کے لیے رابطہ کیا اور سوال کیا کیا انہوں نے اپنی سیکیورٹی سے متعلق ایف سی اہلکاروں کی تبدیلی کی درخواست کی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ میری سیکیورٹی پر اسلام آباد پولیس اور ایف سی دونوں تعینات ہیں۔ سیکیورٹی سے متعلق اسلام آباد پولیس اور وزارت داخلہ دونوں ہی مکمل تعاون کررہی ہیں۔