پنجاب کے ضمنی انتخابات کے غیرسرکاری نتائج میں پی ٹی آئی کی شاندار برتری
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے سے خالی ہونے والی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج میں تحریک انصاف کے امیدوار بیشتر نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔
رات گئے تک سامنے آنے والی خبروں کے مطابق تحریک انصاف 12 نشستیں جیت چکی تھی اور کامیابی کا یہ سلسلہ ابھی جاری تھا۔ غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق پی پی 167 لاہور میں پی ٹی آئی کے امیدوار کے شبیر گجر 40 ہزار 511 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جہاں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے منحرف امیدوار نذیر چوہان 26 ہزار 472 ووٹ لے سکے۔
اسی طرح لاہور کے پی پی 158 میں بھی پی ٹی آئی کے میاں اکرم عثمان 37 ہزار 463 ووٹ حاصل کرکے جیت گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا احسن 31 ہزار 905 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے پی پی83 خوشاب، پی پی217 ملتان، پی پی288 ڈیرہ غازی خان اور پی پی 202 ساہیوال میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہا۔ اس دوران بعض مقامات پر لڑائی جھگڑوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بتایا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق جو لوگ پولنگ اسٹیشنز کے اندر پہلے سے موجود ہیں انہیں ووٹ ڈالنے دیا جائے گا۔ میڈیا کو پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد غیر سرکاری نتائج نشر کرنے کی اجازت ہوگی۔
پنجاب اسمبلی کی جن 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ہیں ان میں لاہور کی 4، جھنگ، لودھراں اور مظفر گڑھ کی 2، 2 جبکہ راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان کی ایک، ایک نشست شامل تھی۔ ان 20 حلقوں میں کُل 3 ہزار 131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، مردانہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 731، خواتین کے لیے 700 جبکہ 1700 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔