تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں 15 نشستیں جیت لیں
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے سے خالی ہونے والی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں 15 نشستیں جیت لی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی جن 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ہیں ان میں لاہور کی 4، جھنگ، لودھراں اور مظفر گڑھ کی 2، 2 جبکہ راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان کی ایک، ایک نشست شامل تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی حتمی پولنگ اسکیم کے مطابق ان حلقوں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ 79 ہزار 898 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ ان 20 حلقوں میں کُل 3 ہزار 131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، مردانہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 731، خواتین کے لیے 700 جبکہ 1700 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں
الیکشن کمیشن کی درخواست پر وزارت داخلہ نے 2 ہزار ایف سی اہلکار بھی سیکیورٹی کی صورت حال بہتر رکھنے کے لیے تعینات کئے تھے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مرکزی کنٹرول روم میں اب تک 13 شکایات موصول ہوئی ہیں جو کہ تمام کی تمام حل کرلی گئی ہیں۔ زیادہ تر شکایات ووٹرز اور کارکنان کے درمیان تصادم کی تھیں۔ پنجاب کے تمام حلقوں میں عمومی طور پر پولنگ عمل کی صورتحال پرامن اور تسلی بخش رہی۔