الیکشن کا فیصلہ عمران خان نہیں اتحادی کریں گے: وزیرداخلہ

  • منگل 19 / جولائی / 2022

 وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے خوف سے الیکشن کمیشن اور اداروں پر الزام تراشی کر رہے ہیں اور ان کے بقول حکومت یا ادارے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پیر کو اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں موجودہ چیف الیکشن کمشنر پر کوئی اعتبار نہیں ہے اس لیے وہ فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو اب ہر محاذ پر شکست ہو گی۔ ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کا واحد راستہ صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔

مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ عمران خان کا الیکشن کمیشن پر غصہ ان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے سبب ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب میں پانچ سیٹوں پر ہار جانے پر زیادہ زعم میں آنے کی ضرورت نہیں۔ ان کے بقول الیکشن کمیشن پر تنقید نہ ہونے والی دھاندلی کے سبب نہیں بلک بلکہ فارن فنڈنگ فیصلے کا خوف ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کی الیکشن کمیشن پر تنقید پر سخت ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اداروں پر دباؤ بڑھا رہے ہیں اور حکومت اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن ہارے ہیں لیکن ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں۔

عمران خان کے انتخابات کے مطالبے کے حوالے سے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اس کا فیصلہ اتحادی مل کر کریں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر شرجیل میمن نے پارٹی قیادت کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ انتخابات کے بارے میں پارٹی کا فیصلہ یہی ہے کہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ اور پیپلز پارٹی اپنا نقطہ نظر اتحادیوں کے اجلاس میں رکھے گی۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہیئں۔