گال میں سری لنکا کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی
پاکستان نے عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس طرح گال اسٹیڈیم میں سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا ریکارڈ بھی بنایا ہے۔
گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن پاکستان نے 222 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کے لیے مزید 120 رنز درکار تھے۔ سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کے ہمراہ نائب کپتان محمد رضوان موجود تھے اور دونوں نے مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس مرحلے پر جے سوریا نے 40 رنز کے اسکور پر رضوان کو آؤٹ کردیا۔
تاہم عبداللہ نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور نئے بلے باز آغا سلمان کے ساتھ مزید 22 رنز بنا لئے۔ البتہ آغا سلمان دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور 12 رنز بنانے کے بعد جے سوریا کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔ انکی جگہ آنے والے حسن علی بھی فوری طور سے ہی آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے محمد نواز آئے اور ابتدائی طورپر یہ جوڑی خاصی محتاط رہی لیکن پھر دونوں نے کھل کر بیٹنگ کرنا شروع کی۔ عبداللہ شفیق نے اس دوران بہترین بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنے 150 رنز مکمل کیے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 331 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر بارش کی وجہ سے کھیل کو روکنا پڑا۔
بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو ہدف حاصل کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور قومی ٹیم نے مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر ہی ہدف حاصل کر لیا۔ عبداللہ شفیق نے 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ نواز نے 19رنز بنائے۔
پاکستان نے گال اسٹیڈیم میں میں 342 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرکے اس میدان پر سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ اس سے قبل اس اسٹیڈیم پر کبھی بھی 300 رنز سے زائد کا ہدف عبور نہیں کیا جا سکا۔ اس سے قبل سب سے بڑے ہدف کے حصول کا ریکارڈ میزبان سری لنکا کے پاس تھا جب اس نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 268 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ عبداللہ شفیق کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 222 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 218 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ میچ کی دوسری اننگز میں سری لنکا نے 337 رنز بنا کر پاکستان کو فتح کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا تھا۔