کانگریس رہنما راہل گاندھی کی 50 ارکانِ پارلیمان کے ہمراہ گرفتاری
بھارت میں حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کو دہلی پولیس گرفتاری کے لگ بھگ چھ گھنٹے بعد رہا کر دیا ہے۔
اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کی پولیس کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ان کو رہا کیا جا چکا ہے۔ حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے دیگر ارکان کو بھی رہا کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی کو لگ بھگ 50 ارکانِ پارلیمنٹ کے ہمراہ دارالحکومت نئی دہلی میں احتجاجی دھرنے سے حراست میں لیا گیا تھا۔ راہل گاندھی نے ارکان پارلیمان کے ہمراہ ہائی سیکیورٹی زون میں راج پاتھ کے قریب دھرنا دیا تھا۔
پولیس حکام نے راہل گاندھی اور 50 ارکانِ پارلیمان کو حراست میں لینے کی تصدیق کی تھی۔ کانگریس ملک میں اشیا کی قیمتوں میں اضافے، جی ایس ٹی سمیت کئی دیگر معاملات پر احتجاج کر رہی ہے جن میں سیاسی رہنماؤں کو ملکی اداروں کے ذریعے ہدف بنانا بھی شامل ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ وہ عوام کے لیے اشیا کی قیمتوں میں اضافے اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔گرفتاری کے بعد پولیس کے ہمراہ جاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایک پولیس اسٹیٹ ہے جہاں نریندر مودی راجا ہیں۔