انتخابات کے لئے نیا الیکشن کمیشن بنایا جائے: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا بحران کرنے کے لئے صاف اور شفاف انتخابات کروائے جائیں۔ انتخابات کے لئے نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے۔
مختلف شہروں میں منعقد جلسوں سے وڈیو خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ساڑھے تین مہینے پہلے بیرونی سازش کے تحت ہماری حکومت ختم کرکے بدعنوانوں لوگوں کو کابینہ میں بٹھایا گیا۔ سمجھا گیا کہ کسی کو بھی ان پر مسلط کر دیں تو قوم خاموشی سے بھیڑ بکریوں کی طرح قبول کر لے گی۔
عمران خان نے کہا ہے کہ نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کے ایسے ممبران بنائے جائیں جن پر سب کو اعتماد ہو، پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کوچیف الیکشن کمشنر پر اعتماد ہی نہیں ہے۔ موجودہ الیکشن کمشنر کے پاس متعدد مسئلوں کے حوالے سے 8 بار گئے ہیں۔ ہر بار انہوں نے ہماری درخواست مسترد کی۔ وہ درخواستیں ہم عدالتوں میں لے کر گئے اور عدالتوں نے آٹھوں بار الیکشن کمیشن کے خلاف فیصلہ دیا کیونکہ یہ الیکشن کمشنر جانبدار ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ قانون کی حکمرانی ہے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ اس ملک کا اصل جہاد یہ ہے کہ جب تک ملک میں انصاف نہیں کریں گے، جب تک ملک میں ڈاکو دندناتے پھریں گے، ملک ترقی نہیں کرے گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا تحریک طالبان پاکستان، بلوچستان کے علیحدگی پسندوں، سندھ میں سندھو دیش کہنے والوں سمیت سب سے بات کرسکتے ہیں لیکن چوروں کے ساتھ ڈیل نہیں کرسکتے۔