آئی ایم ایف کی قسط کے لئے آرمی چیف کا امریکی نائب وزیر خارجہ سے رابطہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی حکومت سے پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کے قرض کی قسط جاری کروانے کے لئے رابطہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی ڈپٹی سیکریٹری سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ انہوں نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے 1.2 ارب ڈالر کے قرض کا عمل تیز کرنے کے لیے امریکا سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس قرض کا عمل تیز کروانے کے لیے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالے۔ کسی پاکستانی آرمی چیف کی طرف سے آئی ایم ایف سے قرض کے معاملہ پر برای راست امریکی عہدیدار سے رابطہ اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے۔ خبروں کے مطابق عالمی ادارے پاکستان میں سیاسی بحران کی وجہ سے تذبذب کا شکار ہیں۔ ایسے میں جنرل باجوہ نے ملکی فوج کی طرف سے وعدوں کی پاسداری کی ضمانت دی ہے۔
دفتر خارجہ کی میڈیا بریفنگ کے دوران جب وزارت خارجہ کے ترجمان سے آرمی چیف کے امریکی حکام سے رابطہ کے بارے میں سوال کیا گیا تو ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین کے ساتھ رابطہ ہوا ہے۔ تاہم ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ معیشت پر بات ہوئی یا نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف اور امریکی نائب وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات کے بارے میں پاک فوج کا شعبہ تعلقات عامہ ہی بتا سکتا ہے۔