منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ فردجرم کے لئے طلب

  • ہفتہ 30 / جولائی / 2022

عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فردجرم کے لئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔ اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ 

شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ وکیل نے کہا کہ حمزہ شہباز کی کمر میں شدید درد ہے، شہبازشریف خراب موسم کی وجہ سے نہیں آسکے اور بذریعہ سڑک ڈاکٹر نے سفر کرنے سے منع کررکھا ہے۔

ایف آئی اے پراسکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف پر نہیں لیکن حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست پر اعتراض ہے۔ ضمانت منظور ہوتے ہی ملزم نے پیش ہونا چھوڑ دیا۔ ایف آئی اے نے ملزم مقصود چپڑاسی کے موت کا سرٹیفکیٹ جمع کرادیا۔ عدالت نے ملک مقصود کی حد تک کیس کی کارروائی ختم کر دی۔

ایف آئی اے پراسکیوٹر نے بتایا کہ سلمان شہباز کے 19 بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ مل گیا 7 بینکس کا ریکارڈ آنا باقی ہے۔ سلمان شہباز کی جن جائیدادوں کا ریکارڈ مل گیا تھا وہ جمع کرا دیا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ کی حاضری سے معافی کی درخواستوں کو منظور کر لیا۔ البتہ دونوں ملزمان کو فردجرم کے لئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔