نکاح کیلئے ختم نبوت ﷺ پر ایمان کا حلف دینا ہوگا

  • اتوار 31 / جولائی / 2022

پنجاب لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے نکاح نامہ کے لیے نیا فارم 2 جاری کیا ہے جس کے تحت ختم نبوت ﷺ کے حلف کو شامل کرنے کے حوالے سے ترمیم کی گئی ہے۔

 نکاح نامے کا فارم 2 مسلم فیملی لا آرڈیننس 1961 کے تحت پنجاب مسلم فیملی رولز میں شامل کر دیا گیا ہے۔  ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صرف نیا نکاح نکامہ ہی نکاح کے لیے استعمال کیا جائے۔ نکاح رجسٹراروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نکاح کے لیے نئے فارم 2 کا استعمال کریں۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ یو سی سیکریٹری کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

اگر کوئی نکاح رجسٹرار نیا فارم 2 استعمال کرتا نہیں پایا گیا تو اس کے خلاف مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کے تحت پنجاب مسلم فیملی رولز کے رول 7 کے ذیلی قاعدہ (4) کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ دولہا اور دلہن دونوں پر نکاح کے وقت ختم نبوت ﷺ کے حلف پر دستخط کرنا لازم ہوگا۔

قانون کے مطابق نیا فارم استعمال نہ کرنے والے نکاح رجسٹرار کو ایک ماہ قید یا 200 روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ ختم نبوت ﷺ کے حلف کو نکاح نامہ میں شامل کرنے کا اقدام نئے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی اٹھایا گیا تھا اور اس میں قانون سازی کے ذریعے ترمیم کی گئی تھی۔