لاپتا فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، 6 افراد شہید

  • منگل 02 / اگست / 2022

 

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے سے لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔ اس پرسوار تمام چھے افراد جاں بحق ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ٹوئٹ بیان میں اطلاع دی ہے کہ  ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے  لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا۔

ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیاں انجام دے رہا تھا کہ اس دوران اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ اس سے پہلے اطلاع تھی کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں پیر کی شام لاپتہ ہونے والے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کا عمل جاری ہے اور عوام سے بھی اس کارروائی میں شامل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ فوجی ہیلی کاپٹر جس پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی سمیت چھ افراد سوار تھے اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے لاپتہ ہوا ہے۔ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر پانچ بج کر 10 منٹ پر اوتھل کے علاقے سے اڑا اور اس نے چھ بج کر پانچ منٹ پر کراچی پہنچنا تھا تاہم راستے میں اس کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہو گیا۔

لسبیلہ کے ایس ایس پی دوستین دشتی نے کہا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر کی تلاش منگل کو بھی جاری ہے اور زمینی تلاش کے علاوہ ہیلی کاپٹر بھی اس سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ایک ٹویٹ میں بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم نے کہا کہ وہ اس ہیلی کاپٹر کی بحفاظت بازیابی سے متعلق اچھی خبر کے لیے دعاگو ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے پیر کی شب ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ ہیلی کاپٹر بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے آپریشن میں شامل تھا۔ خیال رہے کہ بلوچستان کا ضلع لسبیلہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے بُری طرح سے متائثر ہوا ہے۔ ضلعے کے مخلتف علاقوں میں سیلابی پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ہزاروں افراد پھنسے ہوئے ہیں جہاں انتظامیہ، پاکستان فوج، ایف سی اور نیوی کے اہلکار ریلیف کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

لسبیلہ میں انتظامیہ کے سینیئر اہلکار نے بتایا کہ پیر کو لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی خود وہاں ریلیف کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے پہنچے تھے تاکہ ان سرگرمیوں میں تیزی لائی جاسکے۔

کورکمانڈر اوردیگر فوجی اہلکار شام پانچ بجے کے قریب اوتھل سے ہیلی کاپٹر میں روانہ ہوئے تھے۔