لیفٹننٹ جنرل آصف غفور کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کردیے گئے

  • جمعرات 04 / اگست / 2022

ہیلی کاپٹر حادثے میں کور 12 کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی شہادت کے بعد لفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یکم اگست کو بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیلی کاپٹر کو لسبیلہ کے علاقے میں حادثہ پیش آیا تھا۔ حادثے میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ لیفٹننٖٹ جنرل آصف غفور نئی تعیناتی سے قبل جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آئی جی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ بطور میجر جنرل آصف غفور دسمبر 2016 میں آئی ایس پی آر کے 20 ویں ڈائریکٹر جنرل تعینات ہوئے تھے اور ساڑھے 3 سال ڈی جی آئی اسی پی آر کے عہدے پر فائز رہے۔

نومبر 2020 میں انہوں نے تھری سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پائی۔ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور ستمبر 1988 میں پاکستان ملٹری اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہوئے تھے، وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور این ڈی یو سے فارغ التحصیل ہیں۔

آصٖف غفور نے بطور میجر 1999 میں کارگل کی جنگ میں حصہ لیا، اس کے علاوہ بطور لیفٹیننٹ کرنل قبائلی علاقوں اور سوات آپریشنز کا حصہ رہے۔ بطور بریگیڈئیر انہوں نے ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز خدمات انجام دیں اور میجر جنرل کی حیثیت سے سوات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ڈویژن کمانڈ بھی کی۔