نیو میکسیکو میں 4 افراد کے قتل کے بعد مسلمانوں کو رات میں اکیلے باہر نہ نکلنے کا مشورہ

  • سوموار 08 / اگست / 2022

امریکا کی ریاست نیو میکسیکو کے شہر البوکرکی میں پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ اگر ان کے پاس حال ہی میں ہونے والے 4 افراد کے قتل کے بارے میں کوئی بھی اطلاعات ہیں تو شیئر کریں۔

پولیس اس جرم کو مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ ایک الگ پیغام میں اسلامک سینٹر آف نیو میکسیکو نے پیر کے روز البوکرکی کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ رات کو اکیلے چہل قدمی سے گریز کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی ان کا گھروں تک پیچھا تو نہیں کر رہا۔

ایک مقامی اخبار ابوکیورکیو جرنل  نے رپورٹ کیا کہ چوتھے قتل کے بعد لوگ خوفزدہ ہونے لگے ہیں، چاروں مقتولین پاکستانی اور افغان نژاد تھے۔ اسلامک سینٹر آف نیو میکسیکو نے کمیونٹی کے نام پیغام میں کہا کہ ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے اردگرد کے ماحول سے آگاہ رہیں، بالخصوص اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی آپ کا گھر تک تعاقب نہیں کر رہا اور رات کو اکیلے چلنے سے گریز کریں۔ یہ خاص طور پر شہر کے جنوب مشرقی حصے میں رہنے والے ہمارے اراکین کے لیے اہم ہے جہاں یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

البوکرکی پولیس ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ ان کے جاسوس ایک مسلمان شخص کے راتوں رات قتل کی تحقیقات کر رہے ہیں جس کا تعلق علاقے میں اسی طرح پہلے ہونے والے تین قتل سے ہو سکتا ہے۔ ایف بی آئی تحقیقات میں ان کی مدد کر رہی ہے۔

جمعہ کو آدھی رات سے عین قبل جنوب مشرقی علاقے میں اے پی ڈی افسران کو ٹرومین اسٹریٹ اور گرینڈ ایونیو کے علاقے میں فائرنگ کی اطلاعات ملی تھیں، جس میں ایک بالغ مرد مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔ مقتول نعیم حسین کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کی عمر لگ بھگ 25 سال تھی، وہ مسلمان اور جنوبی ایشیا کا رہنے والا تھا۔ خیال ہے کہ جمعہ کے قتل کا تعلق جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے تین مسلمان مردوں کے حالیہ قتل سے ہو سکتا ہے۔

جمعرات کو جاسوسوں نے اس بات کا تعین کیا کہ یکم اگست کو 27 سالہ محمد افضل حسین کے قتل اور 26 جولائی کو 41 سالہ آفتاب حسین کے قتل کے درمیان کوئی تعلق ہے۔ دونوں افراد مسلمان اور پاکستان سے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ دونوں سینٹرل ایونیو کے قریب جنوب مشرقی البوکرکی میں مارے گئے۔

قتل کی وارداتوں کے بعد جاسوس اب اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا 7 نومبر 2021 کو افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان محمد احمدی کے قتل کا تعلق بھی حالیہ قتل عام سے ہے یا نہیں۔ احمدی کو اس دکان کے باہر قتل کردیا گیا تھا جسے وہ اور ان کا بھائی مل کر چلاتے تھے۔

پولیس نے کہا کہ کسی کو بھی ان قتل کی وارداتوں کے بارے میں کچھ بھی معلوم ہو تو اسے پولیس کو اطلاع دینے کی اپیل کی جاتی ہے۔