ہیلی کاپٹر حادثے پر آن لائن مہم چلانے والون کا سراغ لگانے کیلئے جوائنٹ انکوائری ٹیم تشکیل

  • سوموار 08 / اگست / 2022

وزارت داخلہ نے بلوچستان میں فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران آرمی ہیلی کاپٹر کے حادثے کے المناک واقعے پر سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والوں کا سراغ لگانے اور گرفتار کرنے کے لیے جوائنٹ انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے 'انتہائی ناقابل قبول اور افسوسناک سوشل میڈیا مہم' کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شہیدوں کے اہل خانہ اور مسلح افواج کے افسران و جوانوں میں گہرے غم اور پریشانی کا باعث بنا۔ وزارت داخلہ نے 6 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے جسے ہیلی کاپٹر حادثے کے المناک واقعے پر سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے میں ملوث افراد کی نشاندہی، گرفتاری اور قانونی کارروائی کا کام سونپا گیا ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد جعفر کریں گے۔ اس کے علاوہ  ڈائریکٹر (سائبر کرائم، شمالی) وقار الدین سعید اور ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران حیدر، ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز شامل ہوں گے جبکہ آئی ایس آئی سے لیفٹیننٹ کرنل سعد جبکہ آئی بی سے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد نثار وقار چوہدری بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

 ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر سرگرم کچھ کارکنوں اور بعض سیاسی افراد نے گھناؤنی اور ناقابل قبول آن لائن مہم چلائی جس پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سیاسی قیادت اور ریاستی اداروں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ مرکز میں حکمراں اتحاد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم پر الزام لگا رہا ہے کہ اس نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے کہنے پر مہم شروع کی تھی۔ پی ٹی آئی کی قیادت پر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور دیگر شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت نہ کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔

تاہم پی ٹی آئی کی قیادت نے اس تاثر کی نفی کرنے کی کوشش کی۔ صدر عارف علوی نے شہدا کے اہل خانہ کو فون کیا جبکہ عمران خان نے شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی رہائش گاہ کا دورہ کرکے تعزیت کی۔ دریں اثنا بلوچستان اسمبلی نے  ایک تعزیتی قرارداد میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے 6 فوجی افسران کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے منفی پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے 'دشمنوں کے ایجنٹ' ہیں۔ اگر ہمارے پاس ایسے عناصر ہیں جو بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں تو ہمیں غیر ملکی دشمنوں کی ضرورت نہیں ہے۔ پوری قوم اس پروپیگنڈے کی مذمت کرتی ہے اور شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے سیاستدانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے سیاسی معاملات اور مصلحتوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے مسلح افواج کی مکمل حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈا مہم کے علاوہ سب کچھ برداشت کیا جاسکتا ہے، پوری قوم شہدا کے خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے۔