نیو میکسیکو میں 4 مسلمانوں کے قتل کے الزام میں افغان تارکِ وطن گرفتار
امریکا کی ریاست نیو میکسیکو کے شہر البیکرکی میں 4 مسلمانوں کے سلسلہ وار قتل کے الزام میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان تارکِ وطن کو مرکزی ملزم کے طور پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق مسلم مخالف نفرت پر مبنی قاتل کے خوف کو دور کرنے کی کوشش کے تحت البیکرکی کے علاقے کی مساجد کے ارد گرد سیکیورٹی کو مضبوط کرنے کے بعد پولیس نے بتایا کہ انہوں نے 51 سالہ محمد سید کو گرفتار کرلیا ہے جس کا تعلق شہر کی مسلم تارکین وطن کمیونٹی سے ہے۔
حکام نے کہا کہ قتل کے محرکات ممکنہ طور پر مسلم فرقہ وارانہ روش کے تحت ذاتی عناد پر مبنی ہو سکتے ہیں۔ چاروں مقتولین افغان یا پاکستانی نژاد تھے، ان میں سے ایک کو نومبر میں جبکہ دیگر 3 کو گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران قتل کیا گیا۔
پولیس نے گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ’مشتبہ شخص کے گھر کی تلاشی سے ایسے شواہد سامنے آئے جن سے معلوم ہوتا ہے کہ مجرم کسی حد تک متاثرین کو جانتا تھا اور ممکن ہے کہ کوئی باہمی تنازع واقعےکا سبب بنا ہو‘۔
البیکرکی پولیس ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی کمانڈر کائل ہارٹساک نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ تاحال تفتیش کار چاروں افراد کے قتل کے محرکات کو اکٹھا کر رہے ہیں۔ نامہ نگاروں کے سوالات کے جواب میں کائل ہارٹساک نے کہا کہ ممکن ہے کہ مشتبہ ملزم کی جانب سے اپنے ہم مذہب مسلمان متاثرین کے خلاف فرقہ وارانہ عداوت واقعے کا سبب بنی ہو۔
تاہم یہ بات فی الحال ہم یقینی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ آیا یہی اصل مقصد تھا یا پھر یہ چاروں قتل کسی بڑے مقصد کا حصہ ہیں جس سے ہم تاحال ناواقف ہیں۔ محمد سید کا امریکا میں گزشتہ 3 یا 4 برسوں کے دوران گھریلو تشدد کے کیس سمیت مجرمانہ بدکاریوں کا ریکارڈ موجود ہے۔
پولیس چیف ہیرالڈ میڈینا نے بریفنگ میں بتایا کہ محمد سید پر باضابطہ طور پر ان چاروں میں سے قتل کے 2 واقعات کا الزام عائد کیا گیا ہے جن میں 41 سالہ آفتاب حسین اور 27 سالہ محمد افضل حسین کا قتل شامل ہے جو بالترتیب 26 جولائی اور یکم اگست کو مارے گئے۔
قتل کے تازہ ترین تینوں واقعات کے متاثرین نے نیو میکسیکو کے اسلامک سینٹر میں شرکت کی تھی جو البیکرکی کی سب سے بڑی مسجد ہے۔ ان تینوں کو سینٹرل ایونیو کے قریب گولی ماری گئی۔ تفتیش کاروں کو جائے وقوع سے ملنے والی گولیوں کے خول سے تحقیقات میں مدد ملی۔ قتل میں استعمال ہونے والی بندوق گرفتار ملزم کے گھر کی تلاشی کے دوران برآمد ہوئی۔