شہباز گل پر میڈیکل رپورٹ میں تشدد ثابت نہیں ہوا
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا پمز اسپتال میں میڈیکل کروایا گیا ہے جس میں ان پر تشدد کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
ذرائع کے مطابق تین رکنی میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کا طبی معائنہ کیا۔ شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ اسلام آباد پولیس کو بھجوا دی گئی ہے۔ وکیل چوہدری فیصل کی جانب سے شہباز گل پر پولیس حراست میں تشدد کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے اسسٹنٹ اظہار پر پولیس کے ساتھ مزاحمت کرنے پر تھانہ آبپارہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پولیس کانسٹیبل کی شرٹ پھاڑی اور ایک پولیس کانسٹیبل کا موبائل اور پرس بھی چھین لیا۔ قبل ازیں تھانہ کوہسار کی ٹیم نے ان کے گھر پر چھاپا مارا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق شہبازگل پر کوئی تشدد نہیں ہوا، نہ تشددکے نشانات ہیں۔ شہباز گل مکمل تندرست ہیں۔ شہباز گل کسی بیماری کا شکار نہیں ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے خاندان سے ان کے پیچھے ابھی تک کوئی نہیں آیا۔ پارٹی کا کوئی چھوٹا بڑا عہدیدار تاحال شہبازگل کاپتہ کرنے نہیں آیا نہ ہی فیملی میں سے کسی نے پولیس سے رابطہ کیا۔ البتہ شہباز گل کے وکلا تھانے اور پولیس سے رابطے میں ہیں۔
پولیس کے مطابق شہباز گل کے وکیل نے پولیس حراست میں تشدد کا الزام لگایا تھا، شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ جمعے کو عدالت میں پیش کی جائے گی۔