بلوچستان: پنجگور میں ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ پر حملہ

  • سوموار 15 / اگست / 2022

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کے ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ پر حملے میں کم از کم ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

 پنجگور میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق سلولی کی سرکاری رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے گھر پر دستی بم پھینکا جس سے لیویز کا ایک اہلکار زخمی اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دستی بم ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے پچھلے حصے میں پھٹا، دھماکے کے نتیجے میں لیویز آپریٹر صغیر احمد زخمی اور ایک بلٹ پروف گاڑی سمیت چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

ڈپٹی کمشنر ساسولی اور گھر میں موجود دیگر افراد محفوظ رہے۔ دھماکے کے فوراً بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمی آپریٹر کو ہسپتال منتقل کیا۔ ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دستی بم حملے میں ملوث موٹر سائیکل سواروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں مختلف واقعات میں پاک فوج کے جوان شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ اتوار کو ایک بیان میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ دہشت گردوں نے ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو فوجی شہید اور ایک افسر زخمی ہوا۔