آرمی چیف کو متحدہ عرب امارات کے آرڈر آف یونین میڈل سے نوازاگیا

  • بدھ 17 / اگست / 2022

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو 'آرڈر آف یونین' میڈل سے نوازا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کو یہ اعزاز دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کے نمایاں کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ آرمی چیف متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے یو اے ای کے صدر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور مشرق وسطیٰ میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خوشگوار تعلقات اور بھائی چارے کے گہرے جذبے کی ایک عظیم تاریخ ہے جو ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہی ہے۔

اس سے قبل 26 جون 2022 کو سعودی ولی عہد اور نائب وزیراعظم محمد بن سلمان نے پاکستانی فوج کے سپہ سالار کو 'کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس' سے نوازا تھا۔

9 جنوری 2021 کو انہیں بحرین کے ولی عہد نے 'بحرین آرڈر (فرسٹ کلاس) ایوارڈ' کا اعزاز عطا کیا جبکہ 5 اکتوبر 2019 کو اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے 'آرڈر آف ملٹری میرٹ' سے نوازا تھا۔ اسی طرح پاکستان کا دورہ کرنے والے روسی سفیر نے آرمی چیف کو 27 دسمبر 2018 کو کامن ویلتھ ان ریسکیو اینڈ لیٹر آف کمنڈیشن آف رشین ماؤنٹینئرنگ فیڈریشن کا اعزاز دیا۔

قبل ازیں 20 جون 2017 کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ترکی لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔