شہباز گل کی رہائی کے لئے ریلی، عمران خان قیادت کریں گے
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پولیس نے عدالتی احکامات کے باوجود ہمیں شہباز گل سے ملنے نہیں دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گل کے ساتھ 'جنسی زیادتی' کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں پمز ہسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج عدالت کے احکامات کے باوجود پولیس نے ہمارا راستہ روکا۔ شہباز گل سے ملنے نہیں دیا۔ میرا پہلا سوال ہے کہ پولیس کس سے احکامات لے رہی ہے۔ کیا عدالت کے احکامات کی کوئی فکر نہیں ہے۔ اگلا سوال یہ ہے کہ یہاں قانون کی حکمرانی ہے یا ڈنڈے کی حکمرانی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل اسلام آباد میں شہباز گل کے لیے ریلی نکال رہا ہوں۔ اسلام آباد کے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ اگر ایک سیاسی کارکن پر اس طرح کا تشدد ہوسکتا ہے تو کسی کے اوپر بھی ہوسکتا ہے۔ ایک شہباز گل کے لیے اور اے آروائی نیوز کو صرف اس لیے بند کیا جا رہا ہے کہ وہ ہمیں دکھاتے ہیں۔ اس ملک میں میڈیا کا منہ بند کرکے لوگوں کو ڈرا اور تشدد کرکے چوروں کو ہمارے اوپر مسلط کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی غلامی سے بہتر ہے کہ زندہ نہ رہو، ہم ان چوروں کی غلامی کبھی قبول نہیں کریں گے۔ سارے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر کل تحریک انصاف کی ریلیاں نکلیں گی۔
عمران خان اس سے قبل شہباز گل کی عیادت کے لیے پمز پہنچے تھے جہاں انہیں ہسپتال کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ شہباز گل پر دوران حراست ذہنی اور جسمانی تشدد سمیت جنسی بدسلوکی کی گئی جو تصاویر اور ویڈیوز میں واضح ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ تمام تصاویر اور ویڈیوز واضح دکھا رہی ہیں کہ گل پر دونوں ذہنی اور جسمانی تشدد سمیت جنسی بدسلوکی کی گئی، جو انتہائی بھیانک ہے۔
اس دوران اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’پولیس نے ہسپتال میں سکیورٹی کا مناسب بندوبست کیا ہے۔ ہسپتال میں اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔ ملزم جسمانی ریمانڈ پر نہیں ہے اور ملزم سے ملاقات کی اجازت نہیں ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ کسی قسم کی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا نہ کریں۔ کسی بھی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بننے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
آئی جی اسلام آباد نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو شہباز گل سے ملاقات کے لیے عدالتی اجازت درکار ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے پی ٹی آئی کے چار وکلا کو شہباز گل سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔